لاہور (خبر نگار) پی آئی ٹی بی گورنمنٹ ڈیجیٹل سروسز ونگ کا آفس آٹومیشن سسٹم اپنی افادیت کے باعث سرکاری محکموں کی ضرورت بن گیا، جی ڈی ایس ونگ ، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے دفتری امور کی استعداد کار بہتر بنانے کے لئے ای فائلنگ آفس آٹومیشن سسٹم نافذ کرے گا، دونوں محکموں کے مابین معاہدہ طے پا گیا۔۔۔
چئیرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف کی ہدایت اور ڈی جی گورنمنٹ ڈیجیٹل سروسز ونگ کے زیر نگرانی ای فاس کا سرکاری محکموں میں نفاذ کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔گورنمنٹ ڈیجیٹل سروسز ونگ اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے مابین معاہدہ طے پاگیا۔ ڈی جی گورنمنٹ ڈیجیٹل سروسز ونگ محمد وسیم بھٹی اور ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اکرام الحق نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت اب سے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے تمام تر دفتری امور ڈیجیٹل فائل پر سرکولیٹ ہوں گے۔ اس موقع پر ڈی جی گورنمنٹ ڈیجیٹل سروسز ونگ محمد وسیم بھٹی کا کہنا تھا کہ پی آئی ٹی بی کا جی ڈی ایس ونگ پنجاب کو مکمل طور پر پیپر لیس کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری محکموں میں ای فاس کے نفاذ سے پنجاب حکومت کو سرکاری خزانے سے اربوں روپے کی بچت ہورہی ہے اور سروس ڈیلیوری میں بھی بہتری آئی ہے۔