
لاہور کا پوش علاقہ، سرکار کا ٹاٹ والا سکول، وزیراعلیٰ محسن نقوی کا گورنمنٹ جونیئر ماڈل ہائی سکول ماڈل ٹاؤن کا 2 گھنٹے تفصیلی دورہ،حالت زار دیکھ کر شدیدناراضگی کا اظہار
لاہور(خبرنگار)لاہور کا پوش علاقہ، سرکار کا ٹاٹ والا سکول، وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ جونیئر ماڈل ہائی سکول ماڈل ٹاؤن کا 2 گھنٹے تفصیلی دورہ کیا۔ بعض کلاس رومز میں فرنیچر تک موجود نہیں تھا بچے زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کررہے تھے۔ واش رومز میں گندگی تھی اورپانی بھی غائب تھا جبکہ الیکٹرک واٹر کولرز خراب تھے۔ کلاس رومز میں ٹوٹا ہوا فرنیچر تھا اور وائٹ بورڈز خراب،دروازے خستہ حال میں تھے،کھڑکیوں کے شیشے اور جالیاں غائب تھیں۔ کلاس رومز میں صفائی کی ابتر صورتحال تھی جبکہ 750 بچوں کے سکول کے لئے صرف ایک خاکروب ہے۔ کھیلوں کی سرگرمیاں بند تھیں،کلاس رومز میں پینٹ اکھڑا ہوا تھا اور جالے تھے،لائٹس کم تھیں اوربعض پنکھے بھی خراب تھے۔ کمپیوٹر لیب نان فنکشنل اور سائنس لیب کی بری حالت تھی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سکول کی حالت زار دیکھ کر شدیدناراضگی کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فوری طور پر صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر،سیکرٹری سکولز ایجوکیشن،سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سکولز ایجوکیشن کو سکول بلایا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی ہر کلاس روم میں گئے،بچوں سے ملاقات کی اور ان سے مسائل پوچھے۔ بچوں نے پینے کے صاف پانی،واش رومز میں پانی نہ آنے،ٹوٹے فرنیچر اورخراب وائٹ بورڈز کے بارے میں شکایات کیں۔ بچوں نے کلاس رومز میں کم لائٹس، پنکھے نہ چلنے اور کھیلوں کی سرگرمیاں نہ ہونے اور تدریسی کتب مارکیٹ سے خریدنے کی بھی شکایات کیں۔بچوں نے وزیراعلی محسن نقوی کو بتایا کہ سکول اور کلاس رومز کی ہم خود صفائی کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بچوں سے صفائی کرانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پنجاب بھر میں بچوں سے سکولوں میں صفائی کرانے پر پابندی عائدکردی۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کوآج ہی نوٹیفکیشن جاری کرنے اور سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ جس سکول میں بچوں سے صفائی کی شکایت سامنے آئی تو متعلقہ پرنسپل اور ہیڈ ماسٹر کے خلاف کارروائی ہو گی۔وزیراعلی محسن نقوی نے لاہور اور سموگ سے متاثرہ شہروں کے سکولوں کے بچوں کو فری ماسک دینے کا حکم دیا اورواش رومز، واٹر کولرز کو ٹھیک کرنے اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مارکیٹ سے تدریسی کتب خریدنے والے بچوں کے پیسے واپس کرنے کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سکول میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کی جائیں گی اور صوبائی مشیر وہاب ریاض خود سکول آ کر بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلیں گے۔سکول میں نیا فرنیچر اور وائٹ بورڈ زجلد فراہم کر دئیے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کلاس رومز کی کھڑکیاں،دروازے اور پینٹ بھی فوری کرانے اورسکول میں بچوں کے لیے کنٹین کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کمپیوٹر لیب کو فنگشنل کیا جائے اور نئے کمپیوٹر لائے جائیں۔ماڈل ٹاؤن جیسے علاقے کے سکول میں بچے زمین پر بیٹھ کر پڑھ رہے ہیں۔

یہ ہمارا مستقبل ہیں،ہم انہیں کیا جواب دیں۔یہ شرمناک ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں واقع سکول کے بچے زمین پر بیٹھے ہیں، ذمہ دار محکمہ تعلیم ہے۔وزیراعلی محسن نقوی نے صوبائی وزیرتعلیم اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو باقاعدگی سے سکولوں کے وزٹ کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نرسری کلاس کے بچوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بچے ہمارا تابناک کل ہیں،انہیں تعلیمی سہولتیں دینا ہمارا فرض ہے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو سکول میں بنیادی سہولتیں جلد فراہمی کے لئے ہدایات دیں۔بچوں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی سے آٹو گراف لئے،سکول کے خاکروب رابرٹ نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ تصویر بنوائی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سکول کے لئے خاکروب کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ جلد دوبارہ سکول کا دورہ کروں گا۔








microgaming online casino
References:
google.com.pk