
وسائل کا رخ اشرافیہ کی بجائے عوام کی طرف، مہنگائی کا بوجھ امراء پر منتقل ہوگا. شاہدرہ کی کرسچین کمیونٹی کا بھی حمائیت کا اعلان،پی پی149میں انتخابی مہم آخری مراحل میں داخل:عبدالعلیم خان
لاہور(خبرنگار)این اے117میں بڑی سیاسی پیشرفت ہوئی جہاں سابق ایم این اے ملک ریاض اور عام انتخابات کے لئے اس حلقے سے قومی اسمبلی کے امیدوار عبدالعلیم خان کے مابین ملاقات ہوئی جس میں ملک ریاض نے اپنے تمام ساتھیوں سمیت عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم میں بھرپور ساتھ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اُن کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ووٹر ز ہمیں مکمل یکجہتی کے ساتھ سپورٹ کر رہے ہیں اور انشاء اللہ ہم اس حلقے سے تینوں نشستیں جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تقسیم کرنے والوں نے نفرت کا جو بیج بویا ہے وہ کاٹنا پڑ رہا ہے۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ہماری توانائیاں عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے وقف ہوں گی، قومی وسائل کا رخ اشرافیہ کی بجائے عوام کی طرف موڑنے کا وقت آگیا ہے اور انشاء اللہ ہم اقتدار میں آکر مہنگائی کا بوجھ امراء پر منتقل کریں گے تاکہ نادار اور مفلس شہریوں کو ارزاں نرخوں پر ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اپنے حلقے میں مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازا ہے جن کا ماضی میں درست استعمال نہیں ہوا، ہم اپنی نیک نیتی اور عوام کی مشاورت اور معاونت سے وطن عزیز کی سمت درست کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور عام آدمی کا احساس محرومی دور کرنا اُن کے زخم پر مرحم رکھنا اور اُن کے اعتماد کا بھرم رکھنا ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہوگا۔
این اے117کے تمام چیئرمینو ں اور وائس چیئرمینوں کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک ریاض کا کہنا تھا کہ وہ عبدالعلیم خان کی کامیابی کے لئے دل و جان سے ساتھ ہیں،دونوں صوبائی حلقوں پی پی145سے سمیع اللہ خان اور پی پی146سے غزالی سلیم بٹ کے علاوہ سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ این اے117کی مسیحی برادری نے بھی عبدالعلیم خان اور اُن کے پینل کی حمائیت کا اعلان کر دیا ہے،شاہدرہ ٹاؤن کے چرچ میں منعقدہ خصوصی دعائیہ تقریب میں کرسچین کمیونٹی کی طرف سے اس امر کا اظہار کیا گیا کہ عبدالعلیم خان این اے117کے لئے بہترین انتخاب ثابت ہوں گے اور ہم اُن کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں۔
دریں اثناء این اے119اور پی پی149میں مریم نواز اور عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم تیزی سے جاری ہے، ڈور ٹو ڈور کنویسنگ، کارنر میٹنگز اور خواتین و حضرات کے مختلف گروپس اس مہم میں شریک ہیں، سابق ایم پی اے اور عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم کے انچارج شعیب صدیقی نے مختلف یونین کونسلوں میں جلسوں سے خطاب کیا،یوسی 118میں عامر بٹ، محمد جاوید، فراز بٹ، حاجی عنائیت اللہ اور یوسی120میں عابد خان اور معززین علاقہ نے کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جہاں لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور پنڈال عبدالعلیم خان اور مریم نواز کے نعروں سے گونجتا رہا۔ شعیب صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس علاقے کے عوام 8فروری کو مریم نواز اور عبدالعلیم خان کو ووٹ دے کر اپنے محفوظ مستقبل اور علاقے کی ترقی و بہتری کو یقینی بنائینگے۔







