
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے زیرصدارت جاتی امرا میں ہونے والے پارٹی اجلاس کے مطابق وفاق و پنجاب میں حکومت سازی کے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں شرکاء نے کھل کر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور وفاق میں حکومت بنانے یا نہ بنانے کے حوالے سے اراکین کی متضاد آرا سامنے آئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکا نے تجویز دی کہ موجودہ حالات میں ن لیگ کو پیپلزپارٹی کے بغیر وفاق میں حکومت نہیں بنانی چاہیے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ موجودہ معاشی صورتحال انتہائی گھمبیر اور مشکل ہو چکی ہے، کوئی جماعت تنہا اس سے نمٹ نہیں سکتی۔ اراکین نے دوسری تجویز دی کہ سیاست نہیں ریاست بچاو کے فارمولے کے تحت وفاق میں حکومت بنانے کے لئے سنجیدہ کاوش کی جائے۔







