سٹی

وفاقی وزارتوں، اداروں اور محکموں میں اربوں روپے کے مالی گھپلے،کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں

تمام ادارے اپنی آئینی و قانونی حدود میں رہتے ہوئے ملکی سلامتی کو یقینی بنائیں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں. تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی و معاشی استحکام کے لئے قومی ڈائیلاگ کی طرف بڑھنا ہو گا

لاہور (خبر نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں بھی کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔ وفاقی وزارتوں، اداروں اور محکموں میں اربوں روپے کے مالی گھپلے منظر عام پر آئے ہیں۔ سیلاب اور کرونا فنڈنگ میں بھی اربوں روپے کی کرپشن سامنے آئی، مگر ذمہ داران کے خلاف کچھ نہیں ہوا۔22کروڑ عوام کا موجودہ حکمرانوں پرسے اعتماد اٹھ چکا ہے۔ان کے پاس اہلیت، صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ حکمرانوں کی کارکردگی اشتہارات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔ سوئس اکاؤنٹس میں 1400پاکستانیوں کے کھربوں روپے پڑے ہیں۔ حکمرانوں کے پاس محض زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں ہے۔ ملک و قوم پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ دیکھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جو انتشار اور فسادات کی سیاست کی جارہی ہے، یہ قومی سلامتی کے لئے انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، اور مل بیٹھ کر معاملات کو ٹھیک کیا جائے۔سیاسی و معاشی استحکام کے لئے قومی ڈائیلاگ کی طرف بڑھنا ہو گا۔حالات دن دبدن سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ تمام ادارے اپنی آئینی و قانونی حدود میں رہتے ہوئے ملکی سلامتی کو یقینی بنائیں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔ محمد جاوید قصور ی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اگر حکمران عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتے تو ان کو اقتدر میں رہنے کا بھی کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ جب سے پی ڈی ایم کی حکومت آئی ہے ملک و قوم داخلی و خارجی دونوں محاذوں پر مسلسل ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button