شالیمار ایکسپریس ٹرین لاہور اور کراچی کیلئے بحال

شالیمارایکسپریس ٹرین میں مسافروں کو بہترین سفری سہولیات دستیاب ہوگی۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے محمد سفیان سرفراز ڈوگر
لاہور(سپیشل رپورٹر) پاکستان ریلوے کی جانب سےسیلاب میں بند کی جانے والی شالیمارایکسپرءس ٹرین (27-اپ/ 28-ڈاون) کو 8 ماہ بعد یکم مئی سے لاہور اور کراچی سے بیک وقت صبح 6 بحے بحال کردیاگیا۔ لاہور سے شالیمارایکسپریس ٹرین کی بحالی کا افتتاح ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے محمد سفیان سرفراز ڈوگر نے ڈپٹی ڈی ایس ریلوے عمران مشال اور دیگر ڈویژنل افسران کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر ٹرین کو خوبصورت نئی کوچز کے ساتھ منفرد انداز میں سجایا گیا تھا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر ٹرین کی بحالی کے ساتھ ساتھ مئی کے مہینے کیلئے کرایوں میں بھی نمایاں کمی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق مسافروں کو کرایوں میں یکم مئی سے 15 تک تمام کلاسز میں 20 فیصد جبکہ 16 مئی سے 31 مئی تک تمام کلاسز میں 10 فیصد رعایت دی گئی ہے۔ مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے شالیمار ایکسپریس ٹرین کو لاہور سے کراچی جاتے ہوئے اور کراچی سے لاہور آتے ہوئے رائیونڈ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، خانپور، رحیم یارخان، روہڑی، نواب شاہ، حیردآباد کے علاوہ لانڑھی ریلوے سٹیشنوں پر رکنے کی اجازت دی گئی ہے۔شالیمار ایکسپریس ٹرین میں 11 اکانومی کلاس، 2 اے سی بزنس کلاس، 2 اے سی سٹینڈرڈ کلاس، ایک پارلرکار، ایک اے سی ڈائنگ کار، ایک بریک وین کے علاوہ ایک پاور پلانٹ بوگیاں لگائی گئیں ہیں۔ لاہور سے کراچی تک کیلئے شالیمار ایکسپریس ٹرین کی اکوپینسی 112.35 فیصد رہی اسی طرح 1198 مسافروں کیبجائے 1346 مسافروں نے پہلے دن ٹرین میں بکنگ کروائی۔ ڈی ایس ریلوے لاہور نے صفائی ستھرائی کے حوالے سے شالیمار ایکسپریس ٹرین کی اکانومی کلاس، پارلر کلاس کے علاوہ ڈائنگ کار کا خصوصی طور پر معائنہ کیا۔ ٹرین کی بحالی کے موقع پر ڈی ایس ریلوے کا کہنا تھا کہ شالیمار ایکسپریس ٹرین میں مسافروں کو بہترین سفری سہولیات دستیاب ہو گی۔ شالیمار ایکسپریس ٹرین ریلوے کی پرانی اور مقبول ترین ٹرینوں میں شامل ہے۔ آخر میں افتتاح کے موقع پر دعائے خیر بھی کی گئی۔شالیمار ایکسپریس ٹرین کی بحالی کے موقع پر مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

