
سرچ آپریشنز کے دوران59585گھروں،32180کرایہ داروں اور251832 افراد کو چیک کیا گیاپولیس افسران و اہلکاروں کو سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت
لاہور(خبر نگار)سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پرصوبائی دارلحکومت میں لوگوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن عامہ کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے رواں سال میں اب تک 2663سرچ آپریشنز کئے ہیں۔
یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز جاری ایک بیان میں بتائی۔ترجمان نے بتایا کہ سی سی پی اوکی ہدایت پر شروع کیے گئے سرچ آپریشنز کے دوران مختلف علاقوں میں 59585گھروں،32180کرایہ داروں اور251832 افراد کو چیک کیا گیا اور ان کے کوائف کی تصدیق کی گئی۔ان سرچ آپریشن کے دوران کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر489 مقدمات بھی درج کیے گے اور منشیات کے 12مقدمات کے اندراج کے علاوہ مختلف تھانوں میں ناجائز اسلحہ کے 18مقدمات درج کئے گئے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ یہ سرچ آپریشنز لاہور پولیس کے اس عزم کا اظہار ہیں کہ صوبائی دارلحکومت میں عوام کو پر امن ماحول مہیا کیا جائے اور شرپسنداور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔سی سی پی او کی ہدایت پر امن عامہ یقینی بنانے کے لئے سرچ آپریشنز باقاعدگی سے جاری ہیں اور اس حوالے سے پولیس افسران و اہلکاروں کوخصوصی ہدایت ہے کہ وہ سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔




