
لاہور (خبر نگار)
نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز کی سربراہی میں میو ہسپتال کی مرمت اور بحالی کے حوالے سے ایکڈیمک کونسل کا اجلاس منعقد کیا گیا اس ضمن میں دو روز قبل وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے میو ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پہلے مرحلے میں میو ہسپتال کے آوٹ ڈور بلاک، ایمرجنسی بلاک، ای این ٹی وارڈ اور پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائےگا جبکہ دوسرے مرحلے میں دیگر وارڈز کی مرمت اور بحالی شامل ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے تمام شعبوں کے سربراہان کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ اپنے متعلقہ شعبوں میں تعمیر اور مرمت کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات کی ضروریات بارے آگاہ کریں۔
اس موقع پر کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے دو دنوں میں مشاورت کے ساتھ پلان مرتب کیا ہے جو کہ وزیر اعلٰی پنجاب کی منظوری کے بعد عمل میں لایا جائے گا۔
اس منصوبے کے تحت 4 ماہ کے قلیل عرصے میں میو ہسپتال کی تمام وارڈز، آپریشن تھیٹرز، انفراسٹرکچر سمیت سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو جدید سہولیات اور علاج معالجہ فراہم کیا جا سکے۔
دو روزہ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر میو ہسپتال پروفیسر محمد ہارون حامد، ڈینز، چیئرمین اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کے اعلٰی حکام نے شرکت کی۔







