یہ بات یقینی بنائی جائے کہ قرضہ متعین مقصد کیلئے ہی استعمال ہو، وزیر لائیوسٹاک ابراہیم مراد
لاہور(خبر نگار)
نگران وزیر لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب ابراہیم حسن مراد کی زیرصدارت ایک اجلاس میں لائیوسٹاک اور فارمنگ کی ترقی کے لئے چھوٹے قرضوں کے پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لائیوسٹاک مسعود انور اور پنجاب بینک کے افسروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کے آسان قرضوں کے پروگرام میں لائیوسٹاک سیکٹر کا حصہ بڑھانے پر غور کیا گیا۔ پنجاب بینک 10 ارب روپے کے پروگرام میں سے مویشی پال افراد کو انتہائی آسان شرائط پر قرضے دے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کم مارک اپ پر دس لاکھ روپے تک کے قرضوں سے دیہی علاقوں میں لائیوسٹاک فارمنگ کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے پنجاب بینک کو قرضہ سکیم کی موثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قرضے کے حصول کے لئے مویشی پال حضرات گھر بیٹھے آن لائن پورٹل پر اپلائی کر سکتے ہیں۔
ابراہیم حسن مراد نے کہا یہ بات یقینی بنائی جائے کہ قرضہ متعین مقصد کیلئے ہی استعمال ہو۔ فارمنگ کے قرضے کا ٹارگٹ صرف غریب دیہی آبادی ہونی چاہیے۔ کسی اور مقصد کے لئے استعمال کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک مسعود انور نے بتایا کہ فارمنگ کیلئے قرضے کی درست تقسیم کیلئے ضلعی سطح پر سکروٹنی کمیٹی قائم کی جائے گی۔ سکروٹنی کمیٹی رقم کے درست استعمال کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک بھی اپنے نیٹ ورک کے ذریعے قرضہ سکیم کی آگاہی مہم چلائے گا۔