لاہور(خبر نگار)
لیسکو کی جانب سے ایچ ای سی کی تسلیم شدہ یونیورسٹیوں سے ڈگری حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے لئے خصوصی طور پر شروع کئے گئے دو ماہ کے خصوصی انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ لیسکو کی جانب سے اس انٹرنشپ پروگرام کا مقصد نئی نسل میں پبلک یوٹیلیٹی ادارے کی ورکنگ سے متعلق بہتر طور پر آگاہی دینا ہے۔ اس سلسلے میں واپڈا ہاؤس کے آڈیٹوریم میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافط میاں محمد نعمان تھے جبکہ دیگر شرکاء میں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر، ایچ آر ڈائریکٹر آضیہ شعیب،ایڈمن ڈائریکٹر میاں محمد افضل، ڈی جی آئی ٹی امتیاز رسول، ایس ای سول فرقان، ایس ای جی ایس او آفتاب بٹ، ایس ای نادرن عمر بلال،ایس ای سینٹرل رشید احمد خان،ایس ای ایسٹرن انور وٹو،ایس ای ساؤتھ عقیل ظفر سلہری، ڈی ڈی ٹی (جی ایس سی)آصف جاوید خالد، ایڈیشنل ڈی جی فنانس محمد جاوید، کنسلٹنٹ پبلک ریلیشنز افشاں مدثر، منیجر او ڈی نعمان احسن، منیجر ایڈمن حارث، ڈپٹی منیجر ایڈمن سلمان حیدرکے ساتھ ساتھ انٹرن شپ میں شامل اسٹوڈنٹس کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ڈائریکٹر ایچ آر نے اس موقع پر اسٹوڈنٹس کو لیسکو میں خوش آمدید کہا اور بتایا کہ لیسکو کی جانب سے جاری اس نوعیت کے انٹرن شپ پروگرام کا بہت اچھا رسپانس سامنے آرہا ہے۔ اس سال ہم نے ایک بہترین اسکریننگ پروسیس سے گزار کر کل 90 اسٹوڈنٹس کو میرٹ کی بنیاد پر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ لیسکو کی جانب سے اس انٹرن شپ کا دورانیہ دو ماہ ہے جس کی تکمیل پر سرٹیفکیٹ اور30000 روپے ہر ماہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ ڈائریکٹر ایچ آرنے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان اسٹوڈنٹس کے لئے ایک بہت اچھا موقع ہے جو لیسکو جیسی ایک بڑی بجلی تقسیم کار کمپنی میں انٹرن شپ کے ذریعے اپنے کیریئر کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اسٹوڈنٹس کو آپریشن اور ٹیکنیکل ڈائریکٹوریٹ، ایڈمن اینڈ ایچ آر ڈائریکٹوریٹ، آئی ٹی اور فنانس میں انٹرن شپ کروائی جائے گی۔چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان نے تمام منتخب ہونے والے استوڈنٹس کو مبارکباد دی ان کا کہنا تھا کہ لیسکو صارفین کی تعداد کے اعتبار سے سب سے بڑی بجلی تقسیم کار کمپنی ہے اور یہ واحد کمپنی ہے جس نے اس نوعیت کا پروگرام نہ صرف متعارف کروایا ہے بلکہ اس سلسلے کی تیسری کڑی کا آج آغاز کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ امید کرتے ہیں کہ اسٹوڈنٹس اس دو ماہ کے عرصے میں نہ صرف اپنے تعلیمی اور تحقیقی مقاصد کو پورا کریں گے بلکہ لیسکو کی ورکنگ اور سروس کی فراہمی کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آپ سب کو اس ادارے میں کام سیکھنے کا موقع ملا ہے اور ہم یہ امید کرتے ہیں کہ آپ اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔