سٹیصحت

کابینہ کمیٹی کا اجلاس، ڈینگی سرویلنس بہتر بنانے،ہسپتالوں میں ادویات کی پروکیورمنٹ کا عمل تیز کرنے کی ہدایت

ڈینگی پر قابو پانے کی کوششوں میں کامیابی کیلئے مستند ڈیٹا نہایت اہمیت کا حامل ہے،ڈاکٹرجمال ناصر

اضلاع میں صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہے۔ سموگ کی روک تھام، سٹریٹ لائٹس کی سولرائزیشن اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے سے متعلق احکامات جاری. چیف سیکرٹری پنجاب

لاہور(خبر نگار)
 کابینہ کمیٹی نے ڈینگی سرویلنس بہتر بنانے اور ہسپتالوں میں ادویات کی پروکیورمنٹ کا عمل تیز کرنے سے متعلق ہدایات جاری کر دیں۔
ہدایات سول سیکرٹریٹ میں منعقد اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران جاری کی گئیں جس میں ڈینگی، سموگ کی روک تھام اور ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی بہتری کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔نگران صوبائی وزراء جمال ناصر،جاوید اکرم، منصور قادر، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
نگران صوبائی وزیرپرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کی کوششوں میں کامیابی کیلئے مستند ڈیٹا نہایت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے پرائیویٹ لیبارٹریوں میں کوالٹی کنٹرول کیلئے ایس و پیزتیار کئے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایم ایس اپنے ہسپتالوں کا روزانہ معائنہ کر کے سہولیات کا جائزہ لیں۔  
نگران صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرڈاکٹر جاویداکرم نے کہا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو پورا سال بھرپور انداز میں جاری رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرح اموات کم سے کم رکھنے کیلئے ڈینگی مریضوں کی کلینیکل منیجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ نگران صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر نے کہا کہ سینٹری پیٹرول کی بجائے انٹامالوجسٹس کی بھرتی کو ترجیح دی جانی چاہئے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ اضلاع میں صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اپنے فرائض عوامی خدمت کے جذبے سے سر انجام دیں، کام نہ کرنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ چیف سیکرٹری نے سموگ کی روک تھام، سٹریٹ لائٹس کی سولرائزیشن اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت اور معیار یقینی بنانے کیلئے تمام منصوبوں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرائی جائے گی۔
سیکرٹری صحت علی جان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال ڈینگی کے 315کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ آٹھ ارب روپے کی لاگت سے ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کی جا رہی ہے اور یہ منصوبہ دسمبر 2023تک مکمل کر لیا جائے گا۔  

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button