صحت کی سہولتوں میں بہتری کے لئے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی کمٹمنٹ قابل تعریف ہے۔ ہیلتھ اتھارٹیز کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کر رہا ہوں ، کارکردگی کے اشارئیے بہتر کریں- ڈاکٹر جمال ناصر
لاہور(خبر نگار)۔وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، صرف ڈاکٹروں میں جذبہ خدمت کی ضرورت ہے۔ پنجاب کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں طبی سہولتیں لیبارٹریاں، بیڈز اور دیگر چیزیں وافر مقدار میں دستیاب ہیں جن سے مکمل طور پر استفادہ نہیں کیا جاتا، ان کا بھرپور استعمال یقینی بنایا جائے۔ سرکار ی ہسپتالوں اور دسپنسریوں پر عوام کا اعتماد بحال کیا جائے ، یہاں خدمات کا معیار ایسا ہونا چاہئے کہ مریض یہاں سے علاج کروانے کو ترجیح دیں۔ صحت کی سہولتوں میں بہتری کے لئے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی کمٹمنٹ قابل تعریف ہے۔ حکومت صحت کی سہولتوں کی بہتری کے لئے تمام وسائل مہیا کر رہی ہے، شہریوں کو معیاری علاج مہیا کرنا ڈاکٹروں کی ذمہ داری ہے۔ صوبے کی تمام ہیلتھ اتھارٹیز کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کر رہا ہوں ، چیف ایگزیکٹو افسران اپنی کارکردگی کے اشارئیے بہتر کریں- رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کے باقاعدگی سے دورے کریں، ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پنجاب کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسران کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر کی زیر صدارت منعقد ہوا- اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے پنجاب کے 36 اضلاع کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ مون سون میں ڈینگی کے پیش نظر لاہور ، ملتان ، راولپنڈی اور شیخوپورہ کے اضلاع پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے ضروری ٹیسٹوں کے لئے مشینری دستیاب ہے، خراب مشینیں بلا تاخیر ٹھیک کروائی جائیں۔ تمام بنیادی مراکز صحت میں مریضوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے جس سے انہیں آئندہ بھی علاج میں سہولت ہو گی۔ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت اہل مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔ ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی ری ویمپنگ دسمبر تک مکمل کر لی جائے گی-
اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اپنے اضلاع کی ہیلتھ کونسلز کے چیئرمین ہیں، سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت کے دورے کر کے شہریوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کرنے پر بھی توجہ دیں۔ سی ای او کانفرنس میں سپیشل سیکرٹری محمد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری خضر افضال اور راشد ارشاد ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل اور ڈی جی ڈرگز محمد سہیل کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی-