
لاہور(خبر نگار)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ملک کی معاشی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبرکے صدر کاشف انور کی قیادت میں ملتان چیمبر کے ایک وفد کے دورے کے دوران کیا گیا۔تقریب کے دوران ملتان چیمبر کے صدر میاں راشد اقبال ،سینئر نائب صدر شیخ ندیم احمد ، نائب صدر شیخ محمد عاصم سعید اور لاہور چیمبرکی ای سی ممبر فریحہ یونس نے بھی خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں چیمبرز کے درمیان تعاون لاہور اور ملتان دونوں کی کاروباری برادری کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو گا جس سے وہ تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کر سکیں گے۔انہوں نے لاہور کے لوگوں کو ملتان کی مصنوعات کے معیار سے آگاہی کے لیے ملتانی ہینڈی کرافٹس اور ایس ایم ای پروڈکٹس کی ایک نمائش بھی کروانے کا اعلان کیا۔ کاشف انور نے موجودہ معاشی چیلنجوں پر روشنی ڈالی اور ان پر قابو پانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی درآمدات پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کی ایک اہم وجہ ہیںجنہیں کم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر جگہ بنانے کے لیے جدید ترین کاروباری طریقوں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ دونوں چیمبرز باہمی اعتماد اور لاہور اور ملتان کو درپیش تجارت اور صنعت کے چیلنجز کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ملتان چیمبر کے صدر میاں راشد اقبال نے لاہور اور ملتان چیمبرز کے درمیان ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے باہمی رابطوں کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر ملک کا اہم چیمبر ہے اور کہا کہ ملتان چیمبر کا ایک وفد جلد لاہور چیمبر کادورہ کرے گا۔ وفد نے ملتان چیمبر کے محکموں کے دورے کے دوران وہاں ہونے والے کام کو سراہا۔ صدر کاشف انور نے ملتان چیمبر کو ملتان ریجن کی طاقتوں کو اجاگر کرنے میں لاہور چیمبر کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔دونوں چیمبرز نے اتفاق کیا کہ برانڈنگ اور اختراعی نقطہ نظر عالمی رسائی کے خواہاں کاروباروں کے لیے کامیابی کی کلید ہیں۔ انہوں نے تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کے لیے اجتماعی موقف کی ضرورت پر زور دیا، اس بات پر زور دیا کہ مل کر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔



