پاکستان مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ہمراہ نوجوانوں کے نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو
لاہور (خبرنگار) پاکستان مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر کے نوجوانوں کا ووٹ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا اور اس کی سمت کا تعین کرے گا ، نوجوان اپنے ووٹ کی طاقت سے تعمیر، ترقی اور خوش حالی کی قوتوں کو کامیاب بنائیںگے اور بندوق، پٹرول بم اور تشدد کی قوتوں کو شکست دیں گے۔ وہ پیر کو صوبہ خیبرپختونخواہ میں یوتھ ڈویژنل کمیٹیاں مقرر کرنے کیلئے آرگنائزنگ کمیٹی کے ہمراہ نوجوانوں کے نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو کررہی تھیں۔ ملاقات میں خیبر پختون خواہ کے سات ڈویژنز میں آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کی تجویز دی گئی۔ کمیٹیوں کے ناموں پر مشاورت کے بعد ا±ن کے قیام کو حتمی شکل دی گئی جس کا جلد ہی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ مریم نوازشریف نے آرگنائزنگ کمیٹی کو جلد از جلد دیہات کی سطح پر کوآرڈینیٹرز مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی۔ مریم نوازشریف نے کہاکہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوان پاکستان کی آبادی کا غالب حصہ ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نوجوانوں کو مستقبل کی قیادت بنانا چاہتے ہیں اور اُنہیں فیصلہ سازی کے عمل میں آگے لانا چاہتے ہیں۔ اسی وژن کی روشنی میں تنظیم سازی کا ملک گیر عمل شروع کیا گیا جس میں نوجوانوں اور خواتین کو آگے لایاجارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں نوجوانوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔نوجوان لیپ ٹاپ دینے والوں کا ساتھ دیں گے۔ بندوق ، پٹرول بم اور تشدد پر اکسانے والی منفی قوتوں کو مسترد کریں گے۔نوجوانوں کو 9 مئی جیسے یوم سیاہ کے منصوبہ سازوں کی سازشوں کا ایندھن نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخواکو مسلم لیگ (ن) کا قلعہ بنائیں گے۔ خیبرپختون خوا میں دس سال کی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے۔