پنجاب پولیس کے سنائپرز کی استعداد کار میں اضافے کے لئے موجود رائفلز سے جدید ٹریننگ دلوائی جائے گی،1992ء سے قبل کے پولیس ملازمین کی بیواؤں کو کم از کم اجرت کی شرح کے مطابق 32 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا،آئی جی پنجاب
لاہور (خبرنگار، کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیس ایگزیکٹو بورڈ نے اہم فیصلے کی منظوری دی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس ایگزیکٹو بورڈ نے فورس کیلئے مہنگی سنائپر رائفلز کی خریداری نہ کرنے کی متفقہ فیصلے کی منظوری دی، سنائپرز رائفلز کی بجائے فورس کے لئے ایمونیش کی خریداری کی جائے گی،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے سنائپرز کی استعداد کار میں اضافے کے لئے موجود رائفلز سے جدید ٹریننگ دلوائی جائے گی، پولیس ایگزیکٹو بورڈ نے 1992ء سے قبل کے پولیس ملازمین کی بیواؤں کو کم از کم اجرت کی شرح کے مطابق 32 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کی منظوری دی۔ پنجاب ایگزیکٹو بورڈ نے کانسٹیبلری اور شہدا کے بچوں کے لئے فارن سکالر شپس کے اجراء کی منظوری بھی دے دی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ گرایجویشن، پوسٹ گریجویشن، سپیشلائزیشن کے لئے تعلیم مکمل ہونے تک فارن سکالر شپ اور ایک بار فضائی سفر کا ٹکٹ دیا جائے گا، پی ایس پی اور سینئر پولیس افسران اس فارن سکالر شپ پروگرام میں شامل نہیں ہوں گے، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ شہدا کے بچوں کی تعلیمی استعداد بڑھانے کے لئے ویلفیئر فنڈ سے مزید 50 لیپ ٹاپس دیئے جائیں گے،
اجلاس میں ٹریفک پولیس،اسٹیبلشمنٹ، لاجسٹکس، ڈویلپمنٹ اور سیف سٹی سے متعلقہ امور زیر بحث آئے جبکہ آپریشنز، اسٹیبلشمنٹ اور انویسٹی گیشن سمیت دیگر برانچوں سے متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ راجہ رفعت مختار، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی عبدالکریم، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن عمران احمرودیگر ایڈیشنل آئی جیز، یونٹ سربراہان، ڈی آئی جیز، اے آئی جیز سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی