
اسلام آباد ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے تک چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کے انتخابات کی کوئی بھی سرگرمی نہیں ہوگی
لاہور(خبر نگار)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری اور نائب صدر عدنان خالدبٹ نے واضح کیا ہے کہ ڈی جی ٹی او آفس کے احکامات پر من و عن عمل کیا جارہا ہے، احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے انتخابی عمل معطل کیا جاچکا ہے اور الیکشن شیڈول بھی واپس لے لیا گیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ ڈی جی ٹی او آفس نے مختلف چیمبرز اور ٹریڈ آرگنائزیشنز کے نام مراسلہ میں کہا ہے کہ معزز اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ایم نمبر 1/2023، رٹ پیٹیشن نمبر 2226/2023کے تحت الیکشن کے متعلق ٹریڈ آرگنائزیشنز ریگولیٹر کے آرڈر مورخہ 7جولائی 2023 معطل کردئیے تھے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے تک چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کے انتخابات کی کوئی بھی سرگرمی نہیں ہوگی۔ جب تک کہ چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کے انتخابات کے متعلق معزز اسلام آباد ہائی کورٹ کا سٹے آرڈر برقرار ہے۔ یعنی اسلام آباد ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے تک چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کے انتخابات کی کوئی بھی سرگرمی نہیں ہوگی لہذا لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے تمام انتخابی سرگرمیاں معطل کردی ہیں اور الیکشن شیڈول بھی واپس لے لیا۔






