پاکستانسٹیکاروبار

لاہور چیمبر ممبران کو ماحولیاتی معیارات سے ہم آھنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے: کاشف انور

ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے: عائشہ حمید

لاہور(خبر نگار)ڈائریکٹر جنرل پنجاب انڈسٹریز، پرائسز، ویٹس اینڈ مئیرزعائشہ حمید نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے کیونکہ ایئر کوالٹی انڈیکس تشویشناک ہے اور لاہور فضائی آلودگی کے حوالے سے دنیا کا دوسرا بڑا شہر بن گیا ہے۔ وہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور ،چیف انسپکٹر پنجاب بوائلر محمد نواز چیمہ اور ڈائریکٹر اظہر حسین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ عائشہ حمید نے کہا کہ اب موسم تبدیل ہورہا ہے اور سموگ شروع ہونے والی ہے ، پہلے سے ہی تمام انتظامات مکمل اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد ضروری ہے تاکہ سخت اقدامات کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو سہولیات دینا اور مدد کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور سپورٹ ادارہ ماحولیات کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری سے مضر صحت اخراج کم سے کم ہونا چاہیے تاکہ سموگ کا مسئلہ نہ ہو۔ گذشتہ سال بھی لاہور چیمبر نے اس سلسلے میں بہت تعاون کیا ہے۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاشف انور نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے بعد بالخصوص نومبرسے فروری تک لاہور اور اس کے گردونواح کے علاقے سموگ کی لپیٹ میں رہتے ہیں۔ سموگ اس وقت پیدا ہوتی ہے جب فیکٹریاں ٹھوس فضلہ جلاتی ہیں جس سے سلفر ڈائی آکسائیڈ اور نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ وزیر برائے ماحولیات اوروزیر برائے انڈسٹریز نے ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ میں آپ کے ڈیپارٹمنٹ کو یہ ٹاسک دیا ہے کہ تمام چیمبرز آف کامرس کو اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے کہ پنجاب میں اینٹی سموگ مہم کاآغاز کیا جا رہا ہے اورجو انڈسٹری بھی سموگ رولز کی خلاف ورزی کرے گی اس کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔ کاشف انور نے انہیں یقین دلایا کہ لاہور چیمبر بزنس کمیونٹی کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہونے کی حیثیت سے سموگ یا کسی بھی ایسے مسئلے پر قابو پانے کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اورسموگ رولز پر عمل درآمد کرانے میں بھرپورتعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اس حوالے سے پہلے ہی فعال ہے اور سموگ پر قابو پانے سے متعلق شعور و آگہی پیدا کرنے کے لیے مختلف سیشن منعقد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیل ملز کو سکربر ٹیکنالوجی کے استعمال کی ترغیب دی جارہی ہے اور انڈسٹریل ایریاز میں شجرکاری پر بھی زور دے رہا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ سموگ صرف انڈسٹری کی وجہ سے ہی پیداہوتی ہے۔ سموگ کی پیداوار میں دیگر عوامل بھی کارفرما ہیں جن میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں سرفہرست ہیں۔ انکے خلاف کارروائی کی جائے۔ چیف انسپکٹر پنجاب بوائلر محمد نواز چیمہ نے کہا کہ ٹائر اور پلاسٹک بطور فیول استعمال کرنے پر پابندی ہے ۔ ہمارے پاس گیس نہیں ہے جو ماحول دوست فیول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے متبادل بائیوماس ہے جو پوری دنیا میں استعمال کیا جارہا ہے جبکہ فرنس آئل اور کوئلہ بھی بطور ایندھاستعمال ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائر بطور ایندھن استعمال کرنے والے رات کو ٹائر جلاتے ہیں کیونکہ ہماری چوبیس گھنٹے نگرانی نہیں ہے۔ اس مسئلے کو لاہور چیمبر کی مدد سے کنٹرول کرنا ہے تاکہ شدید اقدامات کی طرف نہ جانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں ایمیشن کا بہت مسئلہ ہے۔ پوری دنیا میں ماحولیات پر بہت زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔ ڈائریکٹر اظہر حسین نے کہا کہ ایک مسئلہ سرحد پار سے فصلیں جلانے کا بھی ہے۔ اگر وہاں سے ہوا ہماری طرف چل رہی ہو تو سارا سموگ وہاں سے یہاں منتقل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ سٹیل سیکٹر کا ہے۔ سٹیل سیکٹر میں بوائلرزکا مسئلہ کافی حد تک حل ہوچکا ہے لیکن رات کے وقت ٹائرجلانے کا عمل بند کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمام ایس او پیز لکھ کر لاہور چیمبر کو دے دئیے جائیں گے تاکہ یہ اپنے ممبران کو بھجوادے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button