
تمام تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشن بنا رہے ہیں، جدید سافٹ وئیرز و ایپلی کیشنز سے روایتی کلچر کا خاتمہ ہو رہا ہے۔پولیس فورس نہیں سروس ہے، عوامی خدمت و حفاظت کو ہر صورت فوقیت دیں۔ آئی جی پنجاب
لاہور (خبر نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی ایس پی کے رینک پر ترقی پانے والے سابق انسپکٹرز کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں خصوصی تقریب منعقد کی جس میں گذشتہ روز پروموٹ ہونے والے افسران کو آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر سینئر افسران نے نئے عہدوں کے رینک لگائے۔ آئی جی پنجاب نے ترقی پانے والے ڈی ایس پیز کو مبارک باد دی اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ تمام تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشن بنا رہے ہیں، جدید سافٹ وئیرز و ایپلی کیشنز سے روایتی کلچر کا خاتمہ ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق ترقیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، ہیڈ کانسٹیبل سے ایس پی لیول تک 05 ہزار پروموشنز مزید دیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس فورس نہیں سروس ہے، عوامی خدمت و حفاظت کو ہر صورت فوقیت دیں،جرم کی ہر واردات کا پرچہ فوری درج کریں، ٹائم لائن کے مطابق متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ انسداد جرائم کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائیں اورجدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے جرائم کی بیخ کنی کا عمل مزید تیز کریں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ محکمانہ ترقی درحقیقت پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاس ہے، تمام افسران محکمہ کی جانب سے ملنے والی اس عزت افزائی کو فرائض کی مزید بہتر ادائیگی سے عوام تک پہنچائیں۔ تقریب میں ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر سمیت دیگر افسران کے ساتھ پروموٹ ہونے والے 53 ڈی ایس پیز کو نئے عہدوں کے رینک لگائے۔
تفصیلا ت کے مطابق ڈی ایس پی محمد آصف، محمد ناصر، محمد ندیم اقبال، حفیظ الرحمان، محمد جواد انور، فیصل منظور،عمر دراز، مہر علی، محمد طارق، محمد اسرار حسین جعفری، محمد آصف، ریاض احمد فیاض،ظفر محمود خان،خادم حسین، ملک عطااللہ، سید انتخاب حسین، آفتاب احمد، سید محمد سبطین شاہ، مسرور خان سمیت دیگر افسران کو ڈی ایس پی عہدے کے رینک لگائے گئے۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ایڈیشنل آئی جی عمران محمود، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو ذیشان اصغر، اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل سمیت سینئر افسران بھی موجود تھے۔







