تعلیمسٹی

تدریس کا پیشہ قابل فخر ہمارے نبی نے خود کو معلم کہا۔ ڈاکٹر شگفتہ ناز

مختلف ڈیپارٹمنٹس کی طالبات نے نبی اکرم کے حضور ہدیہ تبریک پیش کیا۔

لاہور (خبر نگار )
وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ ناز نے کہا ہے کہ تدریس کا پیشہ اس لحاظ سے قابل فخر ہے کہ ہمارے نبی نے خود کو معلم کہا۔ تعلیمی ادارے سیرت النبی کی روشنی میں معتدل معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ وہ یونیورسٹی آڈیٹوریم میں میلادالنبی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ تقریب کا اہتمام شعبہ عربی لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے کیا۔ محفل میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کی طالبات نے نبی اکرم کے حضور ہدیہ تبریک پیش کیا۔ نقابت کے فرائض رئیس شعبہ عربی ڈاکٹر قراۃ العین طاہر نے انجام دئے۔ تقریب میں کنٹرولر امتحانات ہما سعید، پرنسپل انٹر کالج صفیہ انجم، مختلف شعبوں کی ہیڈز اور فیکلٹی ممبرز نے شرکت کی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شگفتہ ناز نے کہا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں درس قران مجید کا باقاعدہ اہتمام شروع کر رکھا ہے۔ آپ ﷺ کی ولادت با سعادت کا دن مبارک اور رحمتوں، برکتوں والا دن ہے جس کی بدولت دنیا سے جہالت اور کفر کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا اور انسانیت کا بول بالا ہوا۔ آپ ﷺ نے اپنے بلند اخلاق سے بدترین دشمنوں کے دلوں میں بھی محبت پیدا کردی اور انہیں راہ نجات دکھائی۔آپؐ نے کفار مکہ کی تمام تر نا انصافیوں، ظلم و زیادتی کے باوجود انہیں معاف کیا اور اخلاق کی اعلی ترین مثال قائم کی۔ تقریب کی میزبان ڈاکٹر قراۃ العین طاہر نے کہا کہ نبی آخر الزماں نے تمام انسانوں بالخصوص خواتین، غلاموں، یتیموں، بیواؤں اور مسکینوں کو ان کے حقوق دینے کا درس دیا اور اپنے پاک کردار سے عملی نمونہ پیش کیا۔ آپؐ نے انسانوں کو صراط مستقیم، ایک اللہ پر ایمان لانے کی دعوت دی اور اللہ تعالیٰ کے حکم کی بجا آوری کو راہ نجات قرار دیا۔ ایسی تقریبات کے انعقاد کا مقصد حضور نبی کریم ﷺ کی مبارک زندگی کے پہلوؤں اور آپ ﷺ کی تعلیمات سے نئی نسل کو روشناس کرانا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button