
انتخابی فہرست میں 45فیصد نوجوان رجسٹرڈ ووٹر ز موجود ہیں: ڈائرکٹر بابر ملک
لاہور (خبر نگار)
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے زیر اہتمام پنجاب یونیورسٹی لاہور کے شعبہ سیاسیات کے تعاون سے طلباء و طالبات کے لئے ووٹر آگاہی سمینار منعقد کیا گیا۔ سمینار میں الیکشن کمیشن کی طرف سے ڈائریکٹرایم آئی ایس بابر ملک،ڈپٹی ڈائریکٹر جینڈر شبیر خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا ہدیٰ علی گوہر نے شرکت کی جبکہ پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات کی ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ پروفیسر ارم صاحبہ نے تقریب کی صدارت کی۔ طلباء و طالبات سے خطاب کر تے ہوئے پروفیسر ارم نے کہا کہ قوم کے نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا ہوگا۔ اس سے ملک کے ایوانوں میں عوام الناس کی جامع نمائندگی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
ڈائریکٹر ایم آئی ایس بابر ملک نے سمینار میں موجود شرکاء کو الیکشن کمیشن کے انتظامی ڈھانچے اور ووٹ رجسٹریشن کے عمل کے بارے میں آگاہی دی اور بتایا کہ اس وقت ملک میں کل 12کروڑ 70لاکھ کے قریب رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں جن میں 44%فیصد 18سے 35سال کی عمر کے نوجوان ووٹرز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ 25اکتوبر تک تمام اہل افراد اپنا ووٹ رجسٹر کرواسکتے ہیں اور موجودہ ووٹرز اپنا ووٹ مستقل یا موجودہ پتہ پر منتقل بھی کرواسکتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے انہیں اپنے متعلقہ ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر رابطہ کرنا ہوگا۔ عوام الناس 8300پر اپنا شناختی کارڈ نمبر SMSکر کے اپنے ووٹ کی تفصیلا ت کو چیک کرسکتے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر جنڈر شبیر خان نے آگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن معاشرے کے محروم طبقات کو بھی انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ خاص طور پر خواتین، معذور افراد، خواجہ سراء اور اقلیتی افراد کیلئے خصوصی اقدامات کررہا ہے۔ نوجوان ووٹرز انتخابی فہرست کا ایک بڑا حصہ ہیں اور انتخابی عمل لے اہم شراکت دار ہیں، لہٰذا ان کاحق رائے دہی استعمال کرنا ملکی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا ہدیٰ علی گوہر نے طلباء و طالبات کو الیکشن کمیشن کی سوشل میڈیا مہم کے حوالے سے آگاہی دی اور کہا کہ الیکشن کمیشن نوجوان ووٹرز کو انتخابی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ٹوئٹر (ایکس)، فیس بک اور انسٹا گرام کےسو شل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنی موجودگی کو یقینی بنا رہا ہے اور مختلف ووٹر آگاہی پیغامات اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کے استعمال کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن نے نچلی سطح پر عوام الناس سے رابطے کیلئے ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو کہ ملک کے ہر ضلع میں متعلقہضلعی الیکشن کمشنر کی سربراہی میں موثر طریقے سے کام کر رہی ہیں۔ طلبا و طالبات نے الیکشن کمیشن کے افسران سے انتخابی عمل سے متعلق مختلف سوالات کئے اور ووٹر آگاہی اقدامات کو سراہا۔

ضلعی الیکشن کمشنر لاہور کی ٹیم نے یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات میں انتخابی عمل کی مشق کا بھی انعقاد کیا جس میں طلباء و طالبات نے پولنگ اسٹیشن کے اندر داخل ہونے سے لے کر ووٹوں کی گنتی تک کے تمام مراحل کا عملی طور پر مشاہدہ کیا۔ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء نے الیکشن کمیشن کی کاوشوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ سمینار میں موجود نوجوان طلباء و طالبات نہ صرف اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے بلکہ اپنے عزیز و اقارب اور حلقہ اثر کو بھی ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کریں گے۔







