سٹیسیاستصحت

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کاپنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ،ایمرجنسی وارڈ میں طبی سہولتوں کاجائزہ

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں فزیو تھراپی کا ڈیپارٹمنٹ قائم کیا جائے گا

حکومت انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں داخل مریضوں کو ادویات، ڈائیگناسٹکس، رہائش اور کھانے کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے، ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور(خبر نگار)نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ کیا۔انہوں نے ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیااور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے کچن کا بھی معائنہ کیا اور اجلاس کی صدارت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن زاہدہ اظہر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ عبداللہ، پروفیسر ڈاکٹر علی مدیح ہاشمی، ڈاکٹر امجد و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیرڈاکٹر جاوید اکرم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی کارکردگی وترقیاتی کاموں کاجائزہ لیا اور ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ عبداللہ اور پروفیسر ڈاکٹر علی مدیح ہاشمی نے صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں داخل مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔
نگران صوبائی وزیرڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ مینٹل ہیلتھ کی طبی سہولیات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں داخل مریضوں کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ مینٹل ہیلتھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں فزیو تھراپی کا ڈیپارٹمنٹ قائم کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ فی الحال پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ 1530 بستروں پر مشتمل ہے،

اس انسٹی ٹیوٹ کے ایڈکشن سنٹر کے بستروں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج کا پاکستان میں سب سے بڑا ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ ہے اور حکومت انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں داخل مریضوں کو ادویات، ڈائیگناسٹکس، رہائش اور کھانے کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ مینٹل ہیلتھ میں ڈاکٹرز کی تعداد کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ حکومت پی آئی ایم ایچ کے ڈاکٹرز کو رہائش کی سہولت فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر کروایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button