
جدید ٹیکنالوجی دور حاضر کی انتہائی اہم ضرورت ہے۔۔ ارم شہزادی
ملتان(خبر نگار) ویمن یونیورسٹی ملتان کی 548 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کردیئے گئے ، ترجمان کے مطابق وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے 548 طالبات کو لیپ ٹاپ دیئے گئے، اس سلسلے میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز کے زیراہتمام ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محترمہ ارم شہزادی تھیں جبکہ مہمان اعزاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ADC محترمہ ارم شہزادی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی دور حاضر کی ناگزیر ضرورت ہے انہوں نے طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان لیپ ٹاپ کا صحیح استعمال کر کے علم وہنر کے میدان میں انقلاب برپا کریں یہی وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کا وژن ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ محض ایک ڈیوائس ہے، اسکا مثبت استعمال ہی طلبا کی تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھاتا ہے۔ نصابی سرگرمیوں کے لیے لیپ ٹاپ ایک بہترین ڈیوائس ہے، اسمارٹ فون کا زیادہ استعمال تعلیمی سرگرمیوں میں زیادہ مفید نہیں ہے لیپ ٹاپ دینے کا مقصد ہے کہ آپ اس کے مثبت استعمال سے اپنی ذہنی اور تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کریں، اسے ایک طرف نہ رکھیں بلکہ استعمال میں لائیں طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم در حقیقت کمیونٹی سروس اور ریسرچ کے لیے ہے ایسے اقدامات ترقی پسند اور علم پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے، حکومت کا علم پر مبنی معاشرے کی تعمیر کے لئے ایک فعال قدم ہےیہ اقدام ڈیجیٹل تبدیلی کی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے ایچ ای سی کے معزز نمائندے جناب بابر رشید نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے فیرز میں ہم ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مرحلے پر قدم پر تصدیقی عمل کو یقینی بنایا گیا ہے اور میرٹ کے مطابق اہل طلباء کو لیپ ٹاپ سکیم کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طالبات ہمارے مستقبل کے رہنما ہیں جدید نظام تعلیم میں ٹیکنالوجی بنیادی اہمیت کی حامل ہے، نوجوانوں کو تعلیمی میدان میں متحرک رکھنے سے ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ان طالبات کی بھی حوصلہ افزائی کی جو لیپ ٹاپ کے لئے اہل نہیں ہوئے کہ وہ اپنی کاوشوں کا سلسلہ جاری رکھیے یقینا وہ کامیاب ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مدیحہ اکرم (فوکل پرسن، پی ایم لیپ ٹاپ سکیم) نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم وزیراعظم پاکستان کا ایک نہایت مستحکم اور عمدہ اقدام ہے اس اقدام پر عمل درآمد کرنے کے لیے ہم وزیر اعظم پاکستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتی ہوں اس سکیم کا مقصد پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ذہنوں کو ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے۔ انہوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی کے 1800 طالبات نے پی ایم لیپ ٹاپ سکیم کے لئے درخواستیں جمع کروائی تھی جن میں سے 548 طالبات کو جانچ پڑتال اور تصدیق کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد شارٹ لسٹ کیا گیا ۔ تمام طالبات کو میرٹ کے مطابق لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں۔تقریب کے دوران سربراہان اور فیکلٹی ممبران طالبات کی خوشی اور جوش و خروش کا مشاہدہ کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہے تھے کیونکہ انہوں نے لگن اور محنت سے لیپ ٹاپ حاصل کیے، جو ان کے تعلیمی سفر میں ایک اہم سنگ میل ہیں۔ اس موقع پر تمام شعبوں کی چیئرپرسنز اور طالبات موجود تھیں۔







