
نگران حکومت آئی ایم ایف کی غلامی میں عوام کو پتھر کے زمانے میں دھکیل رہی ہے۔ حکومت اگر عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی تو کم ازکم ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کا سبب نہ بنے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ
لاہور(خبر نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے گیس کی قیمتوں میں 2 سو فیصد تک کے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی قیمتوں اضافہ مہنگائی کی ستائی عوام پر ظلم کی انتہا ء ہے۔ سوئی گیس کی قیمتوں میں دوسو فیصد تک کے ظالمانہ اضافہ کو فوری واپس لیا جائے۔ گذشتہ پانچ سالوں میں پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اور نگران حکومت کی عوا م دشمن پالیسیوں نے لوگوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ نگران حکومت آئی ایم ایف کی غلامی میں عوام کو پتھر کے زمانے میں دھکیل رہی ہے۔ کمرتوڑ مہنگائی میں عام آدمی سوئی گیس اور بجلی کے بھاری بل ادا نہیں کر سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سوئی گیس کی قیمتوں میں تقربیادو سو فیصد اضافے کو عوام دشمنی فیصلہ قرار دیتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہاکہ آئی ایم ایف کی غلامی میں نگران حکومت بھی سابق حکومتوں کا تسلسل ثابت ہوئی ہے۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر وہ عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی تو کم ازکم ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کا سبب نہ بنے اور گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

