
فیصل ایدھی عظیم باپ کے عظیم بیٹے ہیں، خدمت خلق کے کاموں میں ایدھی فاونڈیشن کا کوئی ثانی نہیں، پنجاب پولیس خدمت خلق کے کاموں میں ایدھی فاؤنڈیشن کو مکمل سپورٹ اور تعاون فراہم کرے گی، خدمت خلق اور ویلفیئر کے کاموں میں ایدھی فاؤنڈیشن سے کوارڈی نیشن کیلئے فوکل پرسن مقرر کریں گے، ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (خبر نگار ، کرائم رپورٹر)ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، ایدھی فاؤنڈیشن کے عہدیداران فیصل جلال اور منصور بھی انکے ہمراہ تھے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر محمد ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل بھی ملاقات میں موجود تھے۔ دوران ملاقات گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچوں کی تلاش کے لئے پنجاب پولیس کی میرا پیارا ایپ کو ایدھی فاؤنڈیشن کے سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ فیصل ایدھی عظیم باپ کے عظیم بیٹے ہیں، خدمت خلق کے کاموں میں ایدھی فاونڈیشن کا کوئی ثانی نہیں، پنجاب پولیس خدمت خلق کے کاموں میں ایدھی فاؤنڈیشن کو مکمل سپورٹ اور تعاون فراہم کرے گی، آئی جی پنجاب نے کہاکہ خدمت خلق اور ویلفیئر کے کاموں میں ایدھی فاؤنڈیشن سے کوارڈی نیشن کیلئے فوکل پرسن مقرر کریں گے، ڈاکٹر عثمان انورنے ایدھی وفد کو بتایا کہ پنجاب پولیس کی میرا پیارا ایپ 2500 سے زائد گمشدہ بچوں کو والدین سے ملوا چکی ہے،دوران ملاقات آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فیصل ایدھی کو پولیس تحفظ مراکز کیاغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس تحفظ مراکز نے 12 ہزار سے زائد لوگوں کو مدد فراہم کی، وکٹم سپورٹ افسران ٹرانسجینڈرز سمیت تمام شہروں کو معاونت فراہم کر رہے ہیں،پولیس تحفظ صوبہ بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت کے مشن پر مامور، سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ انٹرلنک ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے کہاکہ پنجاب پولیس اور ایدھی فاؤنڈیشن مل کر گمشدہ بچوں کی تلاش اور والدین سے ملانے کا کام کریں گے،دو طرفہ انفارمیشن شئیرنگ سے گمشدہ بچوں، خواتین اور بزرگوں کو گھر والوں سے ملانے کا عمل بھی مزید تیز ہوسکے گا،فیصل ایدھی نے کہا کہ پنجاب پولیس اور ایدھی فاؤنڈیشن مل کر خواتین، بزرگ اور مشکلات کے شکار دیگر طبقات کو ریلیف فراہم کریں گے۔ دوران ملاقات انسانیت کی خدمت کے دیگر اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔







