
لاہور (خبر نگار) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت آئی ڈیپ ہیڈآفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری سید واجد علی شاہ، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن(ر) شاہ میر سمیت دیگرافسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران لاہورمیں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف کینسرکئیرہسپتال کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سیکرٹری صحت علی جان خان اور سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن (ر) شاہ میر نے اس حوالہ سے صوبائی وزیر کو بریفنگ بھی دی۔
صوبائی وزیرمحکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ اجلاس کے دوران لاہورمیں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف کینسرکئیرہسپتال کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیاگیاہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق لاہورسمیت پنجاب بھرمیں کینسرکے مریضوں کو ایک ہی چھت تلے علاج و معالجہ کی بہترسہولیات میسر آئیں گی۔ حکومت پنجاب عوام کیلئے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کینسر کیئر ہسپتال کی سہولت بنانے جا رہی ہے۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پنجاب میں انشاء اللہ پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور ریسرچ ادارہ ہوگا۔ نواز شریف کینسر کیئر ہسپتال 6 منزلہ عمارت پر مشتمل ہوگا۔ نواز شریف کینسر ہسپتال کا ماسٹر پلان بالکل تیار ہے۔ نواز شریف کینسر کیئر ہسپتال میں فلٹر کلینک، ہاسٹلز، کیفے ٹیریا اور سرائے بھی بنایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب عوام کی سہولت کی خاطر نواز شریف کینسر کیئر ہسپتال کا اتنا مہنگا منصوبہ لے کر آئی ہے۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کو مقررہ مدت میں مکمل کریں کے۔






