
پولیو اور دیگر بیماریوں کے تدارک کیلئے روٹین امیونائزیشن 95فیصد تک لیکر جانے کا ہدف مقرر اگلی انسداد پولیو مہم کے دوران تمام صوبائی وزراء پولیو ٹیموں کیساتھ فیلڈ میں موجود ہونگے۔ خواجہ سلمان رفیق
لاہور (خبر نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی حکومت نے پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں اورصوبہ کے تمام 14داخلی اور خارجی پوائنٹس پر پولیو کاؤنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلہ صوبائی ٹاسک فور س برائے انسداد پولیو کے سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان،سیکرٹری صحت علی جان، سربراہ انسداد پولیو پروگرام پنجاب خضر افضال اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پولیو اور دیگر بیماریوں کے تدارک کیلئے روٹین امیونائزیشن 95فیصد تک لیکر جانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اگلی انسداد پولیو مہم کے دوران تمام صوبائی وزراء پولیو ٹیموں کیساتھ فیلڈ میں موجود ہونگے، ہر ضلع میں انسداد پولیوکیلئے مختلف میکانزم وضع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز، سی ای او ہیلتھ پولیو کے خاتمے کے مطلوبہ اہداف میں حائل مسائل بارے آگاہ کریں۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے صوبہ میں ہیلتھ ایمرجنسی بھی نافذ کرنا پڑی تو کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ نقل پذیر آبادی وائرس کے پھیلاؤ کا بڑا ذریعہ ہے، پنجاب کی حدود میں داخل ہونے والے تمام بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلائے جائیں گے۔
چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم میں نا قص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عملہ کیخلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ایجنڈا، کوتاہی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ جاتا ہے وہ پوری دنیا کیلئے پرابلم چائلڈ بن جاتا ہے، انسداد پولیو مہم سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے غیر روائتی لائحہ عمل اختیارکرنا ہوگا۔
سیکرٹری صحت علی جان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ لاہور سمیت پانچ اضلاع میں انسداد پولیو مہم سات جولائی تک جاری رہے گی، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔