
داؤدی بوہرہ کمیونٹی کا اجتماع 7 جولائی سے کراچی میں شروع ہوچکا ہے۔ اجتماع میں شرکت کے لیے بھارت سے بوہرہ کمیونٹی کی واہگہ بارڈرکے راستے پاکستان آمد کا سلسلہ چند روز قبل شروع ہوا جو اتوار کے روز بھی جاری رہا۔ امیگریشن اورکسٹم کلیئرنس کے لیے واہگہ بارڈر پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
بوہرہ کمیونٹی کے افراد کو واہگہ بارڈر سے خصوصی بسوں کے ذریعے کراچی روانہ کیا گیا۔
بھارت کی بوہرہ کمیونٹی کے افراد کے لیے واہگہ بارڈر پر اسپیشل میڈیکل کیمپ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ بھارتی مہمانوں کو اسپیشل سیکیورٹی کے ساتھ کراچی روانہ کیا گیا۔ واہگہ امیگریشن ذرائع کے مطابق روزانہ 4 سے 5000 افراد کا پراسیس مکمل کیا گیا۔
داؤدی بوہرہ کمیونٹی کا اجتماع 16 جولائی تک کراچی میں جاری رہے گا۔ اجتماع میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے 39 ہزار کے قریب بوہرہ کمیونٹی کے لوگ پاکستان پہنچے ہیں جو پاکستان میں مذہبی سیاحت کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی ہے۔






