پاکستانتعلیمسٹیصحت

پنجاب میں بی ڈی ایس پروگرام کا دورانیہ چار سے بڑھاکر پانچ سال کرنے کا فیصلہ

ڈینٹل کالجوں کا 20سال پرانا نصاب تبدیل کرنے کی اصولی منظوری. یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے بی ڈی ایس کے نئے ماڈیولر نصاب کا فریم ورک تیار کرلیا

لاہور(خبر نگار) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے بورڈ آف سٹڈیز ڈینٹسٹری کا 40واں اجلاس جمعہ کے روز وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کی صدارت میں ہوا جس میں بی ڈی ایس پروگرام کیلئے نیا ماڈیولر انٹیگریٹڈ نصاب لانے کی اصولی منظوری دی گئی جس کے تحت بی ڈی ایس پروگرام کا دورانیہ چار سال سے بڑھا کر پانچ سال کرنے کافیصلہ کیاگیا ہے۔ یاد رہے کہ ڈینٹل کالجوں میں پڑھایا جانے والا موجودہ نصاب 2005ء میں تیار کیا گیا تھا۔ تاہم اب یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے اس 20سالہ نصاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ایک فریم ورک بھی تیار کرلیا گیا ہے۔ بورڈ آف سٹڈیز نے اس نصاب کو تعلیمی سیشن25-2024سے پنجاب کے تمام ڈینٹل کالجوں میں لاگو کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اس نئے ماڈیولر نصاب کے فریم ورک اور ٹائم لائن کی تیاری کیلئے اس سال جنوری میں ایک سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی سربراہ یو ایچ ایس اورل بیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر سارہ غفور تھیں۔ کمیٹی میں ڈینٹل کالجوں کے پرنسپلز اور میڈیکل ایجوکیشن کے ماہرین شامل تھے۔ کمیٹی کے تیارکردہ فریم ورک کے مطابق نئے نصاب میں عمودی، افقی اور پیچ دار انٹیگریشن ہے۔اس میں پروفیشنلزم، اخلاقیات، ریسرچ، لیڈرشپ سکلز کے ماڈیولزہیں۔ اس کے علاوہ کلینکل، فاؤنڈیشن اور روٹیشن کے ماڈیولزبھی ہیں۔ پروگرام میں موجودہ کلینکل کوٹہ کو لاگ بک اور پورٹ فولیو سے تبدیل کیا گیا ہے۔ مزید برآں بیسک لائف سپورٹ کی تربیت کو نصاب کا لازمی حصہ بنایا گیا ہے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر احسن وحید راٹھور کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے بیرون ملک پاکستان کی ڈگری کی توقیر میں اضافہ ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے نصاب کو منظوری کیلئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو بھیجا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button