آئی جی پنجاب نے مختلف ریجنز اور اضلاع سے متعلقہ زیر التوا آڈٹ پیرا اعتراضات کا جائزہ لیا، آئی جی پنجاب کی تمام ریجنز، اضلاع اور یونٹس کے سربراہان کو متعلقہ آڈٹ پیرا اعتراضات جلد از جلد کلیئر کروانے کی ہدایت، ترجمان پنجاب پولیس
لاہور ( خبر نگار )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ تمام ریجنز، اضلاع اور یونٹس کے سربراہان متعلقہ آڈٹ پیرا اعتراضات جلد از جلد کلیئر کروائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈی ڈی اوز یا ایس پی رینک کے افسران آڈٹ پیراز کے حوالے سے منعقدہ اجلاسوں میں خود شرکت یقینی بنائیں اور آڈٹ پیرا اعتراضات کے ورکنگ پیپرز ڈی جی آڈٹ سے تصدیق کروا کے متعلقہ کمیٹیوں میں جمع کروائے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ آڈٹ پیرا اعتراضات کی کلیرنس کے حوالے سے محکمہ داخلہ کی دی گئی ٹائم لائن پر پورا اتریں، ڈی ڈی اوز اپنی دور تعیناتی کے آڈٹ پیرا اعتراضات ترجیحی بنیادوں جبکہ گذشتہ ادوار کے آڈٹ پیراز بھی کلیئر کروائیں۔ ان خیالات کا اِظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ دوران اجلاس آئی جی پنجاب نے مختلف ریجنز اور اضلاع سے متعلقہ زیر التوا آڈٹ پیرا اعتراضات کا جائزہ لیا، آر پی اوز، سی پی او، ڈی پی اوز، ڈی ڈی اوز نے پبلک اکاؤنٹس و دیگر متعلقہ کمیٹیوں میں کلیئر کروائے گئے آڈٹ پیرا اعتراضات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیز سمیت سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز، پی ایچ پی اور ایلیٹ سمیت تمام یونٹس کے سربراہان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔