
لاہور(خبر نگار)
کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں فرائض سر انجام دینے والے اچھی کارکردگی کے حامل ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لئے تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کرنے کی پروقار تقریب آج سی سی پی او آفس میں منعقد ہوئی۔ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر نے نے سی سی پی او آفس کے مختلف برانچز اور کیڈر کے گریڈ ایک سے سولہ کے 91 ملازمین میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے۔تعریفی اسناد اور نقد انعامات حاصل کرنے والوں میں 02 انسپکٹرز،07سب انسپکٹرز، 11 اے ایس آئیز،05 ہیڈ کانسٹیبلز، 28کانسٹیبلز،17 جونیئر کلرک، 08سینئر کلرک، 02 سٹینڈ گرافر اور 08 نائب قاصد شامل ہیں۔تعریفی اسناد اور نقد انعامات حاصل کرنے والوں میں کمپلینٹ سیل، جنرل برانچ، آر اینڈ آئی، لیگل برانچ، اپیل برانچ،ریڈر برانچ، انٹرنل اکاونٹیبلٹی برانچ اور اکاونٹس سمیت تمام برانچز کے ملازمین شامل ہیں۔ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محنتی، ایماندار اور خوش اخلاق پولیس افسران اور اہلکار محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔انہوں نے انعام حاصل کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ مزید دلجمعی سے خلق خدا کی خدمت اور فرائض کی ادائیگی کو اپنا طرہ امتیاز بنائیں۔







