جرم و سزاسٹی

پولیس ایک ڈسپلنڈ فورس ہے جس کی ورکنگ میں جزا و سزا کے امتزاج کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ آئی جی پنجاب

ڈاکٹر عثمان انور کا دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کیلئے اہم اعلان۔

اگر کوئی افسر یا اہلکار دانستہ کوتاہی یا غفلت کا مرتکب ہو تو اسکے خلاف محکمانہ و قانونی کاروائی میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ آئی جی پنجاب

لاہور ( خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس ایک ڈسپلنڈ فورس ہے جس کی ورکنگ میں جزا و سزا کے امتزاج کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پہلے جزا پھر سزا کے تحت مکمل شفاف احتساب میری پالیسی کا بنیادی جزو ہے اور اگر کوئی افسر یا اہلکار دانستہ کوتاہی یا غفلت کا مرتکب ہو تو اسکے خلاف محکمانہ و قانونی کاروائی میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔آئی جی پنجاب نے محکمانہ سزاؤں کے دوران ڈسپلن میٹرکس کی سختی سے پابندی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جس سپروائزری افسر نے ماتحت کو ڈسپلن میٹرکس کے برعکس سزا دی تو اس کا احتساب میں خود کروں گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کیلئے اپنے پیغام میں کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور سماج دشمن عناصر کو پابند سلاسل کرنے والے افسران و اہلکاروں کو مزید کیش انعامات اور تعریفی اسناد دی جائیں گی۔ فورس کے نام جاری پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ رواں برس صوبے کے مختلف اضلاع میں تعینات 2 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر سوا 5 کروڑ نقد اور سی سی ون دئیے جا چکے ہیں جبکہ اتنی ہی رقم بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی منتظر ہے جسے وہ اپنے اچھے کاموں کی بدولت بآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے پولیس فورس کو بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے انعامات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی سے محکمہ کی نیک نامی میں اضافہ کرنے والوں کے انعامات منتظر ہیں جو انہیں دئیے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے فورس کو ہدایت کہ وہ ڈکیتوں، راہزنوں، چوروں، بدمعاشوں، غنڈہ گردوں اور ظالموں کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، خدمت خلق اور لوگوں کو انصاف کی فی الفور فراہمی بنا کر انعامات حاصل کریں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہر کیش انعام کے ساتھ آئی جی پنجاب کے دستخط شدہ تعریفی سند بھی دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فورس کی جزا و سزا کے حوالے سے افسران و اہلکاروں کیلئے خصوصی پیغام میں کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button