سٹی

صارفین کے بجلی سے متعلق مسائل کے حل کے لئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزحافظ میاں محمد نعمان کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد

لاہور (خبر نگار) چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزحافظ میاں محمد نعمان کی زیر صدارت صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے لیسکو کے ساوتھ سرکل کے زیرانتظام کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے اصغر، چیف انجینئر او اینڈ ایم طاہر میؤ اور ایس ای ساوتھ سرکل عقیل ظفر سلہری سمیت تمام سرکل ایکسئینز، ایس ڈی اوز اور ریوینیو افسران کے ساتھ ساتھ میڈیا نمائندگان کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر سائلین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزحافظ میاں محمد نعمان کا کہنا تھا عوام کی سہولت کے لئے پورے لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کے انعقادکا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک منعقد کی جانے والی کچہریوں کا بنیادی مقصد لوگوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر خدمات فراہم کرنا ہے۔ لیسکو کا محکمہ عوام کے گھروں میں روشنی فراہم کرتا ہے اور اگر لیسکو کی کارکردگی خراب ہوگی تو اس کا اثر عوام پر براہ راست ہوگا۔ ہمارے گھروں میں اندھیرا ہوجائے گا اور ہماری فیکٹریاں اور کارخانے بند ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے حقوق کا خیال رکھنا تمام لیسکو افسران پر لازم ہے۔ چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں محمد نعمان نے لیسکو افسران و ملازمین کی کارکردگی اور کاوشوں کو سراہا ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ادراک ہے کہ لیسکو افسران و ملازمین اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر لوگوں کے گھروں میں روشنی پہنچاتے ہیں۔میں تمام افسران و ملازمین کو ان کی انتھک خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ سائلین سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لیسکو کے افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام صارفین کے مسائل خوش اسلوبی سے اور خدمت کے جذبے سے حل کئے جائیں۔چئیرمین بورڈ حافظ میاں محمد نعمان نے ایس ای ساوتھ سرکل کو ہدایت کی کہ جو بھی شکایات آج کی کچہری میں سامنے آئی ہیں 7روز کے دوران ان کا میرٹ پر فیصلہ کریں اور سایلین کی شکایات دور کریں۔۔چیئرمین بی او ڈی حافظ میاں محمد نعمان کسٹمر سروسز ڈائریکٹر نے کھلی کچہری میں تمام صارفین کی شکایات سُنیں اور شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ کسی سائل کا مسئلہ باقی نہ رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button