
موٹر وے، دیگر صوبوں کی پولیس اور ایف آئی اے کو مطلوب اشتہاریوں کا ڈیٹا بھی اس ایپ میں شامل کیا گیاہے۔آئی جی پنجاب
لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے جرائم کی روک تھام اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے پٹرولنگ گاڑیوں میں جدید کمپیوٹر سسٹم کی تنصیب کا آغاز کردیا ہے۔ یہ جدید سسٹم اس سے قبل امریکہ، برطانیہ سمیت دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک کی پولیس فورسز استعمال کر رہی ہے جبکہ اسے اب پنجاب پولیس کی پٹرولنگ گاڑیوں میں فعال کیا جاریا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس کے زیر استعمال پٹرولنگ گاڑیوں میں جدید کمپیوٹر سسٹم کی تنصیب کا آغاز ہوگیا ہے یہ کمپیوٹر سسٹم ای پولیس پوسٹ کی طرز پر کام کریں گے۔آئی جی پنجاب نے سوشل میڈیا پر جاری اس جدید کمپیوٹر سسٹم و ای پولیس پوسٹ کی ورکنگ بارے بتایا کہ اس جدید کمپیوٹر سسٹم کے ذریعے سڑک پر چلنے والی کسی بھی گاڑی کے چوری شدہ یا کلیئرنس بارے معلوم ہو جائے گا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ موٹر وے، دیگر صوبوں کی پولیس اور ایف آئی اے کو مطلوب اشتہاریوں کا ڈیٹا بھی اس ایپ میں شامل کیا گیاہے جس سے انکے گرد گھیرا تنگ کرکے گرفتار کیا جاسکے گا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کیلئے بنائی گئی پنجاب پولیس کی تمام جدید ایپلی کیشنز کو ان جدید کمپیوٹر سسٹم کے ذریعے پٹرولنگ گاڑیوں میں استعمال کیا جاسکے گا جس سے چوری اور ریکارڈ میں تحریف شدہ گاڑیوں اور جعلی نمبر پلیٹس لگا کر گاڑیاں چلانے والے مجرمان، اشتہاریوں اور عدالتی مفروران سمیت دیگر سماج دشمن عناصر کی گرفتاری کا عمل تیز ہوجائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ اس جدید سسٹم کی بدولت پنجاب ہائی وے پٹرول سمیت دیگر پٹرولنگ پولیس کی ورکنگ میں بہتری آئے گی اور شاہرات پر کھلے عام گھومنے والے پیشہ ورمجرمان اور جرائم میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی سرکوبی اور چوری شدہ وہیکلز کی برآمدگی کا عمل تیز ہوجائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ موجودہ دور میں انسداد جرائم میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو کلیدی حیثیت حاصل ہے اور پنجاب پولیس کا یہ پراجیکٹ ماڈرن پولیسنگ کی طرز پر جرائم پیشہ افراد کی نقل و حرکت کو محدود کرکے انہیں قانون کے شکنجے میں لانے کا باعث بنے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ای پولیس پوسٹ اور جدید کمپیوٹر ٹیبس کی مدد سے پنجاب ہائی وے پٹرول روزانہ کی بنیاد پر درجنوں اشتہاری اور عدالتی مفروران گرفتار کررہی ہے جو اس کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب عمران احمر نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پٹرولنگ گاڑیوں سے ہی ای پولیس پوسٹ کے ذریعے قانون شکنوں کے خلاف بلا تاخیر کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔







