
تمام پروبیشنر دوران ٹریننگ حاصل ہونے والے تجربے اور پیشہ ورانہ قابلیت کو فرائض کی بہترین ادائیگی پر صرف کریں۔شہریوں کے مسائل کے ازالے اور انصاف و سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (خبرنگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب نے دوران تربیت نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے پروبیشنر اہلکاروں کو کیش انعامات و تعریفی اسناد سے نوازا۔ تفصیلات کے مطابق چھٹے پروبیشنرکے سب انسپکٹرزاور61ویں پروبیشنر کے اے ایس آئیز تربیتی کورسز کے ٹاپ ٹین اہلکاروں کوانعامات سے نوازا گیا۔آئی جی پنجاب نے 13خواتین اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر154ٹی ایس آئیز اور ٹی اے ایس آئیز کونقد انعام اور تعریفی اسنادسے نوازا۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا اور بہاولپورسمیت تمام ریجنز کے اہلکار شامل تھے ۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انعامات حاصل کرنے والے پروبیشنر افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے کے بعد پروبیشنرز سخت محنت اورخلوص نیت سے فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ دوران ٹریننگ حاصل ہونے والے تجربے اور پیشہ ورانہ قابلیت کو فرائض کی بہترین ادائیگی پر صرف کریں اور شہریوں کے مسائل کے ازالے اور انصاف و سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس فورس کی بہترین پیشہ ورانہ تربیت کیلئے تربیتی نصاب کو اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ وہ فیلڈ میں آکر شہریوں کی خدمت و حفاظت کا فریضہ مزید بہتر طور پر ادا کر سکیں ۔ تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز پنجاب، ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی ٹریننگ، فیصل مختار اور اے آئی جی ڈ سپلن، احسن سیف اللہ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔







