نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے شہریوں کی روزمرہ شکایات کے جلد ازالے کے لئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شروع کرنے کا اعلان

لاہور (خبر نگار) نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے شہریوں کی روزمرہ شکایات کے جلد ازالے کے لئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔شکایات کے فوری اندراج کے لئے ہیلپ لائن 1198 کا اجراء کیا جائے گا۔
نگراں وزیر بلدیات کی زیر صدارت محکمہ کے کمپلینٹ سیل کا اجلاس ہوا۔ایڈیشنل سیکرٹری بلدیات طارق نیازی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہریوں کی طرف سے سوشل میڈیا اور وٹس ایپ کے ذریعے بھیجی جانے والی شکایت پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب بھر کے مختلف علاقوں سے صفائی ، نکاسی آب ، پارکنگ، غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور دیگر شہری امور کے بارے میں شہریوں کی شکایات دور کی گئیں۔
ابراہیم مراد نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں- ان شہریوں کی شکایات پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی جواب طلبی کی جائے گی۔شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم 24 گھنٹے فعال رہے گا۔
نگراں وزیر بلدیات نے بتایا کہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم میں مختلف سطحوں پر شکایات کے ازالے کے لئے ٹائم لائن مقرر کی جائے گی ۔ مقررہ وقت میں شکایت دور نہ ہونے پر اعلی سطح کا افسر اس کا جواب دے گا۔







