لاہور (خبر نگار)
لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں سمارٹ کلاس روم کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے سمارٹ کلاس روم کا افتتاح کیا سمارٹ کلاس روم ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے تعاون سے آئی سی ٹی ویزن 2025 پروگرام کا حصہ ہے جدید ٹیکنالوجی اور انٹرایکٹو ٹولز سے لیس اس سمارٹ کلاس روم کا مقصد آن لائن تعلیم کے ذریعے طالب علم اوراساتذہ کے درمیان روابط کو بڑھانا ہے
سمارٹ کلاس روم میں طلباء کے لیے 16 مائیکروفون اور 30 ویڈیو ڈیجیٹل امیج اسٹیبلائزیشن کے ساتھ 86 انچ کا آئیڈیا ہب موجود ہے۔ یہ ای لرننگ، ورچوئل ڈیسک ٹاپس، انٹرایکٹو وائٹ بورڈز، کلاس روم کنٹرول سسٹم، لائیو ورچوئل کلاس رومز، انٹرایکٹو ڈسپلے، اور ایک انٹرایکٹو کنٹرول سینٹر پر مشتمل ہے۔ یہ جدید ترین سہولت فیکلٹی اور طلباء دونوں کے لیے سیکھنے کا موقع فراہم کرے گی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے سمارٹ کلاس روم کے قیام کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ ایل سی ڈبلیو یو اور ایچ ای سی کے درمیان تعاون یونیورسٹی کو سمارٹ ادارے میں تبدیل کرنے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا اور طلباء کو ڈیجیٹل دور میں ترقی کرنے کے لیے بااختیار بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر فرد کے لیے معیاری تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ وائس چانسلر لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے ایچ ای سی کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے طلباء کو سیکھنے کے بہترین مواقع فراہم کرنے اور انہیں ڈیجیٹل دور میں بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہیں
پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے 2017 میں شروع کیے گئے ای روزگار پروگرام میں لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی فعال شمولیت پر بھی روشنی ڈالی۔ڈاکٹر بشریٰ مزرا نے کہا کہ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی نے پرائم منسٹر یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ نیوٹیک کے تعاون سے شعبہ ابلاغ عامہ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سرچ انجن آپٹیمائزیشن اور دستاویزی فلم سازی میں طالبات کو تربیت فراہم کی ہے۔
اس وقت 38 طالبات فیلڈ میں ملازمت حاصل کر چکی ہیں اور سات اسٹارٹ اپس کو انکیوبیٹ کیا گیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے ای روزگار اور نیو ٹیک کے طلباء میں کورسز کی کامیابی پر اسناد تقسیم کیں۔ تقریب میں ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر انتصار احمد، رجسٹرار یونیورسٹی بابر علی خان، ڈائریکٹر آئی ٹی سبطین الحسن، ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی ساجد لطیف کے علاوہ فیکلٹی اور طلباء نے بھی شرکت کی۔