
لاہور(سپیشل رپورٹر)آئی جی ریلویز پولیس کی 34 ویں نیشنل گیمز میں کامیابی پر ریلویز پولیس کے جوانوں کی حوصلہ افزائی۔ تعریفی اسناد اور انعام سے نوازا
34 ویں نیشنل گیمز کوئٹہ میں ریلوے نے ٹگ آف وار اور دیگر کھیلوں میں گولڈ میڈل اپنے نام کرکے بڑی کامیابی حاصل کی۔ ریلویز پولیس کے جوان یاسر عباس کی قیادت میں رسہ کشی (ٹگ آف وار) کے مقابلے میں ریلوے نے سونے کا تمغہ جیت لیا۔ ریلویز پولیس اور ریلوے کے جوانوں کی مشترکہ جدوجہد نے ٹیم ریلوے کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ٹیم پاک ریلوے کے ٹگ آف وار میں ریلویز پولیس کے یاسر عباس، سفیر حسین اور فرخ عباس جبکہ پاکستان ریلویز کے بلال حسین، سجاد حسین، اکبر علی، رزاق حیدر، ساجد حسین، واصف حسین اور محمد نیاز شامل ہیں۔
نیشنل لیول پر منعقدہ ان مقابلوں میں ملک بھر سے کل 14 ٹیموں نے حصہ لیا تھا جن میں پاکستان ریلویز، پاک آرمی، نیوی، پولیس، ایچ ای سی، پنجاب، بلوچستان، سندھ، کے پی، گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر شامل ہیں۔ نیشنل سطح پر کھیلے جانے والے ان مقابلوں میں پاک ریلوے نے پاک آرمی کو ٹگ آف وار میں شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ ریلویز پولیس کے جوان ٹیم کیپٹن یاسر عباس نے مقابلہ جیت کر اپنے خیالات کے اظہار میں کہا کہ پاکستان ریلویز کے لئے گولڈ میڈل جیتنا کسی اعزاز سے کم نہیں ہے اور گولڈ میڈل جیت کر بےحد خوشی ہوئی ہے۔ نیشنل لیول کے مقابلے میں فتح ٹیم ورک کی بہترین کوارڈینیشن کی بدولت ممکن ہوپایا ہے اور کھلاڑیوں کے سال بھر کی محنت کا ثمر ہے۔ٹیم ممبران نے آئی جی ریلویز پولیس ڈاکٹر راؤ سردار علی خان کی حوصلہ افزائی اور انعام پر انکا شکریہ ادا کیا اور عہد کیا کہ آئندہ آنے والے کھیلوں میں مزید بہتر کارکردگی دکھائینگے۔






