
پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کے سلسلے میں کسی صورت تعطل نہیں آنے دیں گے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم
لاہور(خبر نگار)
نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹرجمال ناصر اور ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایک اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی اور فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو درپیش مسائل کاجائزہ لیا۔
وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ فارماسیوٹیکل انڈسٹری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اس کے تحفظات دور کریں گے۔پنجاب میں کسی بھی ادویات ساز کمپنی کو بلیک لسٹ نہیں کریں گے۔ڈالر ریٹ میں اضافے سے ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال کی درآمدی لاگت بڑھی ہے ، فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی مشکلات کا خیال رکھیں گے۔ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر ان کے مسائل کابینہ کمیٹی کو پیش کئے جائیں گے۔اس مقصد کے لئے سفارشات تیار کرنے کی خاطر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔کمیٹی میں محکمہ صحت کے افسران کے علاوہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کے سلسلے میں کسی صورت تعطل نہیں آنے دیں گے۔معاہدہ کے مطابق تمام ادویات ساز کمپنیاں سرکاری ہسپتالوں میں ادویات بلا تعطل فراہم کرنے کی پابند ہیں۔قیمتوں میں اضافے کے باعث آج اس مسلئہ کا حل نکالنے کیلئے اکٹھے بیٹھے ہیں۔
صوبائی سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے کہا کہ
ادویات ساز کمپنیوں کا آڈٹ کرنے والے ڈرگ انسپکٹرز کی کارکردگی کو بھی مانیٹرکر رہے ہیں۔ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی انسپکشن ڈرگ انسپکٹرز کی بجائے کوالیفاییڈ پروفیشنلز سے کروانے کے لئے پالیسی وضع کی جائے گی۔فارما سیوٹیکل کمپنیوں کے ساتھ مکمل کوآرڈنیشن میں ہیں۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری سیدواجدعلی شاہ،چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی،ڈی جی ڈرگزڈاکٹرسہیل،ڈی جی ہیلتھ سروسزڈاکٹرالیاس گوندل اور پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی-







