گذشتہ 5 سالوں میں پولیس خدمت مراکز سے ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد شہری جدید میکانزم کے تحت پولیس سے متعلقہ سہولیات سے مستفید ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (خبر نگار, کرائم رپورٹر)ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے نمائندے کاشف علی شیخ نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ذیشان اصغر، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ عوامی سروے کے دوران ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل اور دیگر اداروں کو پولیس کی جدید سروسز اور خدمات کو بھی سامنے لانا چاہئے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس نے جرائم کنٹرول اور سروسز کی فراہمی کو دو علیحدہ سیکٹرز میں تقسیم کرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا ہے، خدمت و تحفظ مراکز، 1787 کمپلینٹ سنٹر، پولیس خدمت ایپس، کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے پولیس تشخص کو بہتر بنایا گیا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ گذشتہ 5 سالوں میں پولیس خدمت مراکز سے ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد شہری جدید میکانزم کے تحت پولیس سے متعلقہ سہولیات سے مستفید ہوئے ہیں اور پولیس خدمت مراکز کی سروس ڈلیوری کے اس دورانئے میں کرپشن کی ایک بھی شکایت سامنے نہیں آئی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس خدمت مراکز، پبلک خدمت ایپس، کمپلینٹ سسٹمز پنجاب پولیس کے جدید تشخص کے عکاس ہیں، جدید آئی ٹی ٹیکنالوجی کے استعمال سے تھانہ کلچر کے فرسودہ نظریہ کو تبدیل اور پولیس کے مجموعی تشخص کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس امن و امان کے قیام، جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے علاوہ ٹرانسجینڈرز اور معاشرے کے عدم تحفظ کا شکار دیگر طبقات کو لیگل ایڈ اور رہنمائی فراہم کر رہی ہے اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انہیں خدمات کی فراہمی کیلئے دستیاب وسائل کا موثر استعمال یقینی بنایا جارہا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے نمائندہ کاشف علی شیخ نے پولیس کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے آئی جی پنجاب کو ٹھوس تجاویز پیش کیں۔آئی جی پنجاب نے ٹرانسپرنسی کے وفد کو پولیس ڈیش بورڈ کی ورکنگ بارے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر عثمان انور نے کاشف علی شیخ کو پنجاب پولیس کا یادگاری سووینئر بھی دیا۔