
معاشرے میں صحت مند پولیس فورس جرائم کو روکنے کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ آئی جی پنجاب
لاہور ( خبر نگار ، کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کی ہیلتھ سکریننگ اور ویلفیئر اقدامات بارے جاری خصوصی پیغام میں کہاہے کہ پنجاب پولیس میں کانسٹیبل سے سپروائزری لیول تک 02 لاکھ سے زائد افسران و اہلکاروں کا میڈیکل چیک اپ مکمل کر لیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ معاشرے میں صحت مند پولیس فورس جرائم کو روکنے کیلئے انتہائی ضروری ہے اس لئے فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کے سلسلے میں بروقت اقدامات کئے گئے ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ فورس کی ہیلتھ سکریننگ کے دوران 8500 سے زائد افراد میں ہیپاٹائٹس کی شناخت ہوئی جن کا فوری علاج شروع کردیا گیا،ہیپاٹائٹس سی کا علاج شروع، ہیپاٹائٹس بی ویکسینیشن کی پہلی ڈوز لگ چکی ہے، ٹائم لائن کے مطابق دوسری اور تیسری ڈوز وقت پر لگ جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہیپاٹائٹس بی کا بہترین ممکن سپورٹیو علاج شروع کر چکے ہیں، دیگر سنگین بیماریوں کا علاج بھی جاری ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ دوران سکریننگ 8000 سے زائد شوگر اور بلڈ پریشر سے متاثرہ ملازمین سامنے آئے جن کے گردے اور دل کو سنگین بیماریوں سے بچانے کیلئے فوری علاج شروع ہوچکا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ دل، گردے اور جگر کی بیماریوں کے شکار ملازمین کے علاج کیلئے پاکستانی کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ(پی کے ایل آئی) سے معاہدہ ہوچکا ہے، پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ(پی کے ایل آئی) بیشتر پولیس ملازمین کا مفت علاج کرے گا جبکہ باقی کے اخراجات محکمہ اپنے فنڈز سے ادا کرے گا۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہا کہ فورس کی سائیکالوجیکل پروفائلنگ مکمل، نفسیاتی بیماریوں کے شکار ملازمین کو علاج شروع کروایا جا چکا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ فورس کی ہیلتھ پر 175 کروڑ روپے زیادہ خرچ کر رہے ہیں اور کسی علیل ملازم کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ ملازمین کے ساتھ ساتھ انکے اہل خانہ کی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے محکمہ اپنا ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ فورس کی ہیلتھ کا خیال کرنا محکمہ کی ذمہ داری ہے، اس کے بدلے میں شہریوں کی خدمت اور حفاظت دل و جان سے کرنا فورس کا فرض ہے۔







