
11 جولائی تک سب ڈویژن سمیت پنجاب پولیس کے تمام سکولوں میں سمر کیمپ کا آغاز ہو جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (خبر نگار ، کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی پر افسران واہلکاروں کی انعامات سے حوصلہ افزائی کی ہے۔سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب نے افسران واہلکاروں کو انعامات سے نوازا، انعامات حاصل کرنے والوں میں مختلف اضلاع میں تعینات کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے افسران و اہلکار شامل تھے جنہیں ڈاکٹر عثمان انور نے سی سی ون اور کیش انعامات سے نوازا۔آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجا ب نے کہاکہ فورس کے سروس سٹرکچر کو بہتر کردیا، پٹرولنگ، ٹیلی اور ایس پی یو میں جلد مزید پروموشنز ہونگی۔ ڈاکٹرعثمان انو رنے مزیدکہا کہ سی آئی اے کو مختلف اضلاع میں آرگنائز کر رہے ہیں، جرم روکنے کیلئے سنٹرل ڈیٹا بیس بنے گا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ کرائم پریونشن ایپ سے جرائم کی روک تھام اور ہرمس موبائل ایپ سے فورس کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ 11 جولائی تک سب ڈویژن سمیت پنجاب پولیس کے تمام سکولوں میں سمر کیمپ کا آغاز ہو جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے خطاب میں بتایا کہ شہدا اور ڈیتھ ان سروس کوٹے کے تحت 07 سو بچوں کی بھرتیوں کا عمل مکمل ہو چکا، قانونی معاملات میں افسران و اہلکاروں کی معاونت اور راہنمائی کیلئے لیگل ایڈ فنڈ قائم کیا جا چکا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ اہم مشن کامیابی سے مکمل کرنے والے بہادر جانبازوں کو تمغہ بہادری دینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اس تمام ویلفیئر اور انعامات کے بدلے میں شہریوں کے ساتھ بہترین رویہ اور خدمات دیں۔تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس اور اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔







