کانسٹیبل خبیب احمد نے معذور بیٹے کو کواڈ بائیک دینے پر آئی جی پنجاب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
لاہور (خبر نگار) آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انورکوگوجرانوالہ کے کانسٹیبل خبیب احمدنے معذور بیٹے کو کواڈ بائیک دینے پر اظہارتشکر کا خط لکھا اور ان کاتہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ آئی جی پنجاب کے حکم پر اس کے معذور بیٹے کو محکمہ پولیس کی طرف سے کواڈ بائیک پیش کر دی گئی ہے۔ کانسٹیبل خبیب احمد نے بتایا کہ پیدائشی معذوری کی وجہ سے بیٹے شعیب کی نقل و حرکت ہمیشہ ایک اہم مسئلہ رہی، پنجاب پولیس کے اس تحفے نے بیٹے کی زندگی سہل بنا دی ہے۔ خبیب احمدنے کہا کہ کواڈ بائیک نے میرے بیٹے کے لیے امکانات اور مواقع کی ایک نئی دنیا روشناس کروائی ہے اور بائیک چلانے کے دوران بیٹے کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھ کر ہمارے دل خوش ہوتے ہیں۔کانسٹیبل خبیب احمدکا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات اہلکاروں اوران کے خاندانوں کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈال رہے ہیں۔آئی جی پنجاب اور ان کی ٹیم کی لگن، محنت اور غیر متزلزل عزم واقعی قابل تعریف ہے۔