سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ کھلی کچہری میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کے مسائل سن کر احکامات جاری کئے۔
لاہور (خبر نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور شہریوں کو درپیش مسائل کے ازالے اور پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم عمل ہیں، اسی تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین و شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا، سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ کھلی کچہری میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کے مسائل سن کر احکامات جاری کئے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کے مسائل کے ازالے کیلئے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کا فوری ازالہ اور انصاف کی بروقت فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ شہریوں کی درخواستوں پر ایکشن میں دانستہ تاخیر کے ذمہ داران خود کو جواب طلبی کیلئے تیار رکھیں۔
آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے مسائل بارے ایڈمن، آئی اے بی اور اسٹیبلشمنٹ برانچوں کو احکامات دئیے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ملازمین کو پیشہ ورانہ امور سے متعلقہ مسائل کا بلا تاخیر ازالہ سپروائزری افسران کی ذمہ داری ہے، ملازمین کی ویلفیئر، جزا و سزا، ٹرانسفر پوسٹنگ اور ٹریننگ سے متعلقہ امور پر میرٹ کے مطابق فوری فیصلے کئے جائیں۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ زیر التوا درخواستوں کو فوری نمٹا کر ملازمین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔