سٹیسیاستصحت

آزادی اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے ۔ ڈاکٹر جاوید اکرم وزیر صحت

کے ای ایم یو و میو ہسپتال : پاکستان کے 76 ویں جشن آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب

لاہور (خبرنگار)کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور میو ہسپتال کے زیر اہتمام پاکستان کے 76 ویں جشن آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب۔ تقریب کے مہمان خصوصی نگراں وزیر صحت پنجاب پروفیسر جاوید اکرم تھے۔وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے پروفیسر جاوید اکرم اور دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔اس موقع پر وائس چانسلر ایف جے ایم یو پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرو وائس چانسلر پروفیسر اعجاز حسین، رجسٹرار ڈاکٹر ریاست علی سی ای او میو ہسپتال پروفیسر محمد ہارون حامد، ڈینز، فیکلٹی ممبران، نرسسز، طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آزادی اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے اور پاکستان ہمیں لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، پاکستان ہمیں کلمہ کی بنیاد پر حاصل ہوا ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے۔ ہمیں پاکستان کو عظیم تر بنانا ہے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بنیادوں میں ہمارے بزرگوں کا خون شامل ہے۔ اللہ پاک ہمیں پاکستان کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی اور انتظامیہ کی جانب سے ملک پاکستان کو 76 ویں جشن آزادی کی مبارک ہو ہمارے بڑوں نے خون اور خاک کے دریاؤں میں سے گزر کر عظیم قربانیوں کے بعد آزادی جیسی نعمت کو حاصل کیا۔ جب پاکستان بنا تو تقریبا 30 لاکھ مسلمان شہید ہوئے آج کا دن ہمیں شہیدوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور اس عظیم نعمت پر شکر ادا کرنے کا بھی درس دیتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پروفیسر جاوید اکرم ایک کیمکولین ہیں اور ہمیں اس بات پر فخر ہے۔ ہمیں پاکستان کی حقیقی معنوں میں خدمت کرکے قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کا خواب پورا کرنا ہے۔پروفیسر خالد مسعود گوندل کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے بڑوں کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے۔ آج کے دن کی مناسبت سے میری بہت دعائیں پروفیسر محمود ایاز کے لئے اور تمام طلباء و طالبات اور فیکلٹی کے لئے مجھے بطور کیمکولین اپنی مادرعلمی میں آ کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔پروفیسر محمد ہارون حامد کا کہنا تھا کہ میو ہسپتال کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا حصہ ہے اور رہے گا۔ پروفیسر محمود ایاز کی سربراہی میں مل کر کام کرتے رہیں گے۔ مریضوں کا علاج نرسنگ اور پیرامیڈیکس کے تعاون کے بغیر نا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں ہم سب مل کر عہدکریں کہ میو ہسپتال اور کنگ ایڈورڈ کو اور آگے لے کر جائیں اور ملک کا نام روشن کریں گے۔اس موقع پر طلباءو طالبات نے بہترین انداز میں ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں۔تقریب کے اختتام پر پروفیسر جاوید اکرم ان کے ہمراہ وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر ہارون حامد، پروفیسر محمد معین اور دیگر نے مل کر جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا اور یادگاری شیلڈز بھی دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button