بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت آپریشن و انویسٹی گیشن ونگ کا اجلاس، لاہور کو ڈرگ فری سٹی بنانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ
نوجوان نسل کو نشہ کی لعنت سے محفوظ رکھنے کیلئے مربوط اقدامات کریں،منشیات جیسے مکروہ دھندے میں ملوث بڑے مگرمچھوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، سربراہ لاہور پولیس کا حکم

منشیات فروشوں کو سخت سزا دلوانے کیلئے پبلک پراسکیوشن ڈیپارٹمنٹ سے بہتر اشتراک، مساجد اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف لیکچرز منعقد کروائے جائیں، سی سی پی او لاہور
لاہور(خبر نگار) کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت آپریشن و انویسٹی گیشن ونگ کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور کو ڈرگ فری سٹی بنانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نشے کے عادی افراد کی بحالی اورمنشیات فروشوں کے سد باب کیلئے ٹھوس اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی سی پی او لاہور نے نشہ آور اشیاء بیچنے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف منظم کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ نوجوان نسل کو نشہ کی لعنت سے محفوظ رکھنے کیلئے مربوط اقدامات کے ساتھ ساتھ منشیات جیسے مکروہ دھندے میں ملوث بڑے مگرمچھوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل افسران بہترین حکمت ِعملی کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنائیں جبکہ تعلیمی اداروں کے گردونواح سے منشیات فروشوں کا قلع قمع کیا جائے۔ سی سی پی او نے کہا کہ ایس ایچ اوزاپنے علاقوں میں منشیات فروشوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور منشیات فروشوں کو سخت سزا دلوانے کیلئے پبلک پراسکیوشن ڈیپارٹمنٹ سے اشتراک بڑھایا جائے۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے تناظر میں منشیات سے نفرت اجاگر کرنے کیلئے علماء کرام کی معاونت حاصل کی جائے۔ مساجد اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف لیکچرز منعقد کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے میڈیا کا کردار بھی کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں اور ان کے حلقہ احباب پرکڑی نظر رکھیں۔ منشیات فروش معاشرے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں جو ہماری نسلوں کو تباہ کرتے ہیں۔ ڈی آئی جی(آپریشنز)سید علی ناصر رضوی،ڈی آئی جی(انویسٹی گیشن) عمران کشور، ڈی آئی جی لیاقت علی ملک، ایس ایس پی (ایڈمن) عاطف نذیر، ایس ایس پی(آپریشنز) صہیب اشرف، آپریشنز ونگ کے ڈویڑنل ایس پیز اور ایس ڈی پی او ز نے اجلاس میں شرکت کی۔







