پاکستانتازہ ترین

ریلوے کا 3 ٹرینوں کو نئی اور جدید بوگیوں کے ساتھ چلانے کا فیصلہ

قراقرم ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور پاک بزنس ایکسپریس کو 120 دن میں اپ گریڈ کیا جائے گا،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

لاہور (سٹاف رپورٹر‘ قوت ) پاکستان ریلوے نے قراقرم ایکسپریس سمیت مزید 3 ٹرینوں کو نئی اور جدید بوگیوں کے ساتھ چلانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے زیر صدارت اجلاس میں قراقرم ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور پاک بزنس ایکسپریس کو 120 دن میں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر میل اور جعفر ایکسپریس کی بھی بہتر مینٹیننس کی جائے گی۔ بذریعہ ٹرین، ایران کو ہر ماہ 30 ہزار ٹن چاول بھیجنے کا معاہدہ تکمیل کے قریب ہے، اس حوالے سے خواجہ سعد رفیق نے متعلقہ حکام کو ڈرائی پورٹس آمدن کو 2 ارب روپے تک لے جانے کا ٹاسک دے دیا، اس کے علاوہ وزیر ریلوے نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ ہرک برج کی بحالی پر پیش رفت کا جائزہ لیا، انہوں نے سبی اور تفتان ریلوے سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کے لئے پلان تیار کرنے اور کوئٹہ اور زاہدان کے درمیان فریٹ سفری دورانیہ میں کمی کے لیے حکمت عملی
تیار کرنے کی ہدایت کی۔ادھرپاکستان ریلوے نے گرین لائن ٹرین کے علاوہ دیگر تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز کے کرایوں میں 8 فیصد اضافہ کردیا، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ریلوے مسافروں پر یومیہ ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، ترجمان محکمہ ریلوے نے بتایا ہے کہ کرایوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا تاہم اس کا نفاذ گرین لائن ایکسپریس پر نہیں ہوگا بقیہ تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز کے کرائے بڑھا دیے گئے ہیں کیوں کہ ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ 15 فیصد اضافے سے پاکستان ریلوے پر یومیہ 11.725 ملین روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button