
تمام اساتذہ کو بھی خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں
لاہور ( خبر نگار ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے آج یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس مقدس پیشے سے وابستہ تمام افراد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو علم کی شمع جلا نے اور نوجوان نسل کے اعلی کردار کی تشکیل کے لیے کوشاں ہیں، اس موقع پر میں اپنے تمام اساتذہ کو بھی خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اساتذہ قوم کے محسن ہیں جو کامیابی و کامرانی کے حصول میں سیڑھی کا کردار ادا کرتے ہیں، پیغمبری پیشے سے وابستہ ہونا بذات خود ایک بڑا اعزاز ہے،پی ایم ایم ایل قوم کے معماروں کو سلام پیش کرتی ہے،اساتذہ قوم کے محسن اورہمارا افتخار ہیں ان کی تکریم کی بدولت ہی قومیں عروج حاصل کرتی ہیں۔استاد تعلیمی نظام کی اساس ہے اوراس کی حیثیت ریڑھ کی ہڈی سی ہے۔آج جن اقوام نے ترقی کی منازل طے کی ہیں اور دنیا میں انقلاب برپا کر کے پوری دنیا میں جن ممالک نے اپنی طاقت کا سکہ بٹھایا ہے تو استاد کی ہی مرہون ِ منت ہے۔ صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے کہا کہ استاد ایک طالب علم کو جو کچھ سکھاتا ہے اس کا اثر پوری قوم پر ہوتا ہے۔ ہر فرد کا کردار پورے معاشرے کے کردار کی تشکیل کرتا ہے۔ تعلیم دینا صرف پیشہ ہی نہیں بلکہ عبادت اور قومی ذمہ داری ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد تعلیم کی اہمیت اور اساتذہ کے احترام کو اجاگر کرنا ہے،استاد کو معاشرے میں بلند مقام حاصل ہے۔ آج معاشرے کے ہر طبقے کی طرف سے استاد کا احترام یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔







