
نور تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن پولیس ملازمین کو تھیلیسیمیا، ہیمو فیلیا اور خون کی دیگر بیماریوں کا مفت علاج فراہم کرے گی۔ایور کئیر ہسپتال ایمرجنسی، او پی ڈی، لیب وغیرہ میں شہدا کی فیملیز کو 25 فیصد اور ملازمین کو 20 فیصد رعایت فراہم کرے گی۔ آئی جی پنجاب
لاہور (خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین اور انکی فیملیز کی فلاح و بہبود کیلئے 02 اداروں کے ساتھ ایم او یوز سائن کئے ہیں جن کے تحت پولیس ملازمین اور انکے سپیشل بچوں کو جدید علاج معالجے کی سہولت باآسانی میسر آئے گی۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نور تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن اور ایور کئیر ہسپتال کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کئے،ایور کئیر ہسپتال کے جانب سے انکے سی ای او عرفان خان اور ڈائریکٹر تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن سجاد احمد چیمہ نے ایم او یوز پر دستخط کئے۔ ایم او یوز کے تحت دونوں ادارے پولیس ملازمین اور انکے بچوں کو تھیلیسمیا اور کوکلئیر امپلانٹ سمیت دیگر عارضوں کے علاج میں تعاون فراہم کریں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دونوں اداروں کے ساتھ ایم او یوز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ نور تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن پولیس ملازمین کو تھیلیسیمیا، ہیمو فیلیا اور خون کی دیگر بیماریوں کا مفت علاج فراہم کرے گی، پولیس ملازمین کے تھیلیسیما سے متاثرہ بچوں کو نور فاؤنڈیشن کورجسٹریشن کے بعد خون منتقلی کی سہولت دے گی جبکہ پنجاب پولیس خون کے عطیات دینے کیلئے بلڈکیمپس کا انعقاد کرکے نور تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن کو معاونت فراہم کرے گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ایم او یوز کے تحت ایور کئیر ہسپتال ایمرجنسی، او پی ڈی، لیب وغیرہ میں شہدا کی فیملیز کو 25 فیصد اور ملازمین کو 20 فیصد رعایت ملے گی۔ قوت سماعت سے متاثرہ بچوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجری رعایتی نرخ یعنی15 لاکھ روپے میں کی جائے گی۔

آئی جی پنجاب نے مزیدکہا کہ کوکلئیر امپلانٹ سرجری کروانے والے افراد و بچوں کو ایک برس تک مفت سپیچ تھراپی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ نور تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن اور ایورکئیر ہسپتال کے وفود میں شامل ڈاکٹرز اور دیگر شخصیات نے قیام امن اور انسداد جرائم میں پولیس فورس کی قربانیوں اور کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے دونوں اداروں کے سربراہان کو پنجاب پولیس کی یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر محمد ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی ویلفیئر محمد غازی صلاح الدین، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر، اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل سمیت دیگر افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔







