
زندگی میں سادہ غذا کو حصہ بنانا چاہئے،خوراک اور معمولات زندگی کی تبدیلی سے جگر کے مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے. ہمیں ایک صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند طرز زندگی اپنانا ہوگا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاویداکرم
لاہور(خبر نگار)کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کے زیرانتظام جگر کے امراض پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر پروفیسر آفتاب محسن، پروفیسر محمد عمران، پروفیسر اسرار الحق طور، پروفیسر شاندانہ طارق، پروفیسر عادل اقبال اور ڈاکٹر صومیہ اقتدار سمیت طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان میں جگر کی بیماری کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ہماری طبی درسگاہوں کو میڈیکل ریسرچ پر خاص توجہ دینی چاہئے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ ہمیں ایک صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند طرز زندگی اپنانا ہوگا۔موٹاپہ خود ایک بیماری ہے۔ زندگی میں سادہ غذا کو حصہ بنانا چاہئے۔خوراک اور معمولات زندگی کی تبدیلی سے جگر کے مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ میڈیکل ریسرچ میرا پسندیدہ مشغلہ ہے اور میرا تمام لوگوں کو بھی مشورہ ہو گا کہ کیمکولین بھی ریسرچ کلچر کو عام کریں۔ سٹینڈفورٹ یونیورسٹی کی جانب سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کو نام اور مقام ملا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ اس کامیابی پر پروفیسر محمود ایاز اور ان کی فیکلٹی مبارکباد کے مستحق ہیں۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی آمد پر شکریہ اداکیا اور سیمینار کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔







