
لاہور (خبر نگار) سوئی ناردرن گیس کے زیرِ اہتمام چار روزہ سالانہ کھیلوں کا افتتاح مینیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے گذشتہ روز پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں کیا۔ منیجنگ ڈائر یکٹر عامر طفیل نے اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نہ صرف ٹیم سازی میں مدد ملتی ہے بلکہ آفیسرز اور سٹاف کی کارکردگی میں بہتری آتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کے ان کھیلوں میں خواتین کی شرکت خوش آئند ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین بہترین کھلاڑی بھی ہیں۔ اس موقع پر سوئی ناردرن سپورٹس سیل کے صدر امتیاز محمود نے کھلاڑیوں سے حلف لیا۔ 14 سے 17 نومبر تک جاری رہنے والے سپورٹس گالا میں کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، والی بال اور ایتھلیٹکس کے مقابلے ہوں گے۔ اسپورٹس گالا میں سوئی ناردرن کی ریجنل ٹیمز سمیت کل 21 ٹیموں کے 336 مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں کمپنی کی سینئر مینجمنٹ کے علاوہ سی بی اے یونین کے صدر زبیر خان، سپورٹس سیل کے نائب صدر محمد ارشد، جنرل سیکرٹری عمران صفدر ورک، فنانس سیکرٹری کنول وزیر، ممبرز سپورٹس سیل آفتاب اشرف اور خالد محمود نے بھی شرکت کی۔